آزا دکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،ْچوہدری محمد اسحق

منگل 29 مئی 2018 15:32

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحق نے آزا دکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور انکی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ سے آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

اس مقصدکے حصول کے لیے ریاستی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ سخت مالیاتی ڈسپلن پر عملد رآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آزادکشمیر میں معاشی اور معاشرتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔ کشمیری مہاجرین کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ خطہ میں پائیدار امن کے قیام اور مثالی تعمیر و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خاتمہ کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔