بھارت میں انتہائی مطلوب داؤد ابراہیم کے بھائی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا

اقبال ابراہیم کو طبیعت خراب ہونے پر جیل سے اسپتال منتقل کر دیا ، علاج جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 29 مئی 2018 15:25

بھارت میں انتہائی مطلوب داؤد ابراہیم کے بھائی کو اسپتال منتقل کر دیا ..
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 مئی 2018ء) : بھارت میں انتہائی مطلوب داؤد ابراہیم کے بھائی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال ابراہیم، جو کہ جیل میں قید تھے، کو گذشتہ روز طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ گذشتہ روز جیل میں قید اقبال ابراہیم نے سینے میں درد کی شکایت کی۔ جیل حکام نے بتایا کہ طبیعت بگڑنے پر اقبال ابراہیم کو فوری طور پر جے جے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب ان کی حالت قدرے بہتر ہے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مزید معائنے کے لیے اسپتال میں ہی داخل کر رکھا ہے۔

اقبال ابراہیم کو اینٹی ایکسٹورشن سیل نے بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اقبال ابراہیم کو ایک بلڈر کی شکایت پر گرفتار کیا گیا جسے 2013ء سے بھتہ دینے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پولیس نے اقبال ابراہیم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا۔ یاد رہے کہ اقبال ابراہیم کے بھائی داؤد ابراہیم کو بھارت میں انتہائی مطلوب قرار دیا گیا ہے۔

بھارت نے کئی مرتبہ داؤد ابراہیم تک پہنچنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، جس کے بعد اپنی ناکامی کو چھُپانے کے لیے بھارت نے الزام عائد کیا کہ داؤد ابراہیم پاکستان کے شہر کراچی میں ہے۔بعد ازاں اقوام متحدہ کی کمیٹی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کی رہائش اور تفریح کے فراہم کیے 9 ایڈریسز میں سے 3 غلط ہیں، جنہیں اقوام متحدہ نے اپنی فہرست سے خارج کر دیا گیا ۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی القاعدہ سینکشن کمیٹی کی جانب سے خارج کیے گیئے تین ایڈریسز میں سے ایک اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کی اسلام آباد میں رہائش گاہ کا تھا۔ تاہم بھارت کی جانب سے دئے گئے باقی 6 پتوں کو تاحال تبدیل یا ان میں کوئی ردو بدل نہیں کی گئی۔ اقوام متحدہ کو دئے گئے ایک ڈوزئیر میں بھارت نے ان 9 ایڈریسز کو داؤد ابراہیم کی سب سے زیادہ وزٹ کرنے والی جگہیں قرار دیا تھا۔

گذشتہ برس داؤد ابراہیم سے متعلق موصول ہونے والی خبروں میں بتایا گیا کہ داؤد ابراہیم آج کل ڈپریشن کا شکار ہیں اور ان کے اس ڈپریشن کی وجہ ان کے بیٹے کی شخصیت میں اچانک ہونے والی تبدیلی ہے۔ داؤد ابراہیم کا اکلوتا 31 سالہ بیٹا معین ابراہیم شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں۔ معین سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ معین کو اچانک بہت زیادہ مذہبی رغبت ہو گئی ہے۔

معین ایک مذہبی عالم یا مبلغ بننے کی خواہش رکھتا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ معین سب کچھ چھوڑ کر اپنے گھر کے پاس موجود مسجد میں دیے جانے والے ایک کوارٹر میں بھی رہائش اختیار کرنے پر راضی ہے۔ داؤد ابراہیم سے متعلق کسی کو بھی علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں اور کس ملک میں ہیں ، اقوام متحدہ نے بھی داؤد ابراہیم کے پاکستانی شہر کراچی میں مقیم ہونے کے بھارتی دعوے کو مسترد کر دیا تھا۔