آئندہ پانچ سال کے لیے ملک اور عوام کے لیے بڑا چیلنج ہے ‘لیاقت بلوچ

سیاست ،انتخابات کو جھوٹ فریب ،غیر جمہوری رویوں سے اب آزاد کرانے کا وقت آگیا

منگل 29 مئی 2018 16:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 2013 ء کے انتخابات کے بعد اسمبلیاں اور حکومتیں آئینی مدت کے بعد تحلیل ہورہی ہیں ، جمہوریت کے لیے یہ عمل خوش آئند ہے ، مسلسل تین اسمبلیاں پانچ سال مکمل ہونے کے بعد تحلیل ہوئیں، آئندہ پانچ سال کے لیے ملک اور عوام کے لیے بڑا چیلنج ہے ،سیاست اور انتخابات کو جھوٹ فریب اور غیر جمہوری رویوں سے اب آزاد کرانے کا وقت آگیاہے ۔

لاہور میں ورکرز کنونشن، عہدیداران کے اجلاس اور عوامی افطار ی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ نگران حکومتوں کی تقرری کا آئینی طریقہ کار سیاست اور جمہوریت کی کامیابی ہے ۔ نگران حکومتوں کی اصل ذمہ داری ہے کہ محدود مدت میں شفاف اور غیر جانبدار انہ انتخابات کرائیں ۔

(جاری ہے)

اب 2018 ء کے انتخابات کی دھند صاف ہورہی ہے کوئی ابہام باقی نہیں رہا، سیاسی جماعتوں کا امتحان شروع ہوگیاہے کہ آئین کے آرٹیکل 62-63 کے مطابق امیدواران کو ٹکٹ دیں ۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور انتخابی روڈ میپ دیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل انتخابی نشان ’’ کتاب ‘‘ پر 2018 ء کے انتخابات میں حصہ لے گی ۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے مطابق ٹکٹ جاری کرے گا ۔ ایم ایم اے کی سپریم کونسل کا اجلاس 30 مئی کو کراچی میں متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت ہوگا ۔اس اہم اجلاس میں 2018 ء کے انتخابات کے لیے حتمی لائحہ عمل بنالیا جائے گا ۔ 9جون کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے اسلامی ، عوامی ، فلاحی اور انقلابی منشور کا اعلان کیا جائے گا ۔