امت مسلمہ کے پاس وسائل کی کمی نہیں مگر کردار کی دولت سے محروم ہے‘حافظ محمد ادریس

منگل 29 مئی 2018 16:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ اخلاق و کردار مومن کا اسلحہ ہے ، رمضان و قرآن امت کے لیے بہت بڑا انعام ہے، دنیا میں حقیقی انقلاب اللہ کے آخری نبی ؐ اور آپ ؐ کے جانثار صحابہ کرام ؓ نے برپا کیا تھا جو لوگ کردار کے بغیر محض ہلے گلے ، دولت اور دھونس کے بل بوتے پر انقلاب کے دعوے کرتے ہیں ، وہ کامیاب ہو جائیں تو پہلے سے بھی زیادہ تباہی و بربادی پھیلاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز تراویح کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب حقیقت میں سب سے پہلے کردار سازی کا مطالبہ کرتاہے ۔ صحابہ کرام ؓ اپنے اخلاق و کردار ، سچائی اور امانت میں اپنی مثال آپ تھے ۔ ہجرت حبشہ سیرت نبوی ؐ ، صحابہ ؓ اور قرآن و حدیث کا اہم ترین واقعہ ہے جب کفار مکہ نے اپنے اقتدار اور دولت کے بل بوتے پر ان صحابہ ؓ کو واپس مکہ لے جانے کے لیے بادشاہ حبشہ کے دربار میں اپنا طاقتور وفد بھیجا تو وہ کردار کے مقابلے میں ناکام ہو کر واپس آگیا ۔ انہوںنے کہاکہ آج امت مسلمہ کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے مگر کردار کی دولت سے محروم ہے ۔ رمضان اور قرآن امت کے لیے عزت و افتخار کار استہ متعین کرتے ہیں ۔ اپنا تزکیہ کر لیں تو ہم کبھی مغلوب نہیں ہوسکتے ۔