ضلعی انتظامیہ پرائیوٹ اسکولز مالکان کے سامنے بے بس ہو گئی،

بچوں کو چھٹیاں نہ مل سکیں، رواں ہفتے تمام نجی نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات دے دی جائیں گی،مالکان

منگل 29 مئی 2018 16:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) راولپنڈی ضلعی انتظامیہ پرائیوٹ اسکولز مالکان کے سامنے بے بس ہو گئی ، پنجاب حکومت کے احکامات کے باوجود تمام نجی تعلیمی ادارے کھلے ہیں شدید گرمی اور روزے کے دوران بچے اسکولز جانے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائیوٹ اسکولز مالکان کی ھٹ دھرمی جاری ہے پنجاب حکومت نے 17 مئی سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پرائیوٹ تعلیمی ادارے فیسوں کی خاطر پنجاب حکومت کے احکامات پر عمل نہیں کررہے پیں جس کی وجہ سے بچوں کے ساتھ ساتھ والدین کو بھی شدید گرمی اور روزے کی حالت میں شدید پریشانی کا سامنا ہے، والدین نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے افسران کو کہا جائے کہ وہ پنجاب حکومت کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں سترہ مئی کو بھی دو ہفتے گزر گئے تاحال پابندی پر عمل درآمد نہیں کرایا جا سکا اور نجی اسکولز مالکان نے جون میں چھٹیاں دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے، والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ بچوں کے امتحانات کی وجہ سے چھٹیاں نہیں دی جا سکیں مگر رواں ہفتے تمام نجی سکولز میں موسم گرما کی تعطیلات دے دی جائیں گی۔دوسری جانب راولپنڈی میں واقع تمام نجی و سرکاری جامعات کی جانب سے بھی روان ہفتے کے آخرمیں گرمیوں کی چھٹیاں دی جائیں گی۔