یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے ، انجم عقیل خان

منگل مئی 16:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اسلام آبادکے سینئر رہنما انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ کا سنہرا دن ہے ۔ اس دن قائد نواز شریف نے کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں لائے بغیر قومی سالمیت اور ملکی وقار کے تحفظ کا فیصلہ کیا اور کامیاب سات ایٹمی تجربات کرکے پاکستان کو مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنایا، یوم تکبیر اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، آج پوری قوم سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

یوم تکبیرکی 20ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں بعد پاکستان پر ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے حوالہ سے شدید دبائو تھا، دھمکیاں دی گئیں، کروڑوں اربوں ڈالروں کی پیشکشیں ہوئیں لیکن قائد نواز شریف پاکستان کے وقار کا پرچم سربلند کرنے کا فیصلہ کر چکے تھے اور وہ اپنے فیصلے پر قائم رہے اور اس موقع پر انہوں نے جس جرأت ایمانی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اس کی بدولت تاقیامت ان کا نام تاریخ اسلام کے اوراق میں زندہ رہے گا اور آج کسی کو ہمت نہیںکہ وہ وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے سائنسدانوں کی خدمات کو بھی سراہا جن کی شبانہ روز محنت نے پاکستان کو دفاعی طورپر مضبو تر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے دور رس اقدامات کی وجہ سے ملک معاشی طور پر مضبوط ٹریک پر آ چکا ہے جبکہ عوام نے اگر پھر موقع دیا تو قائد نواز شریف کی قیادت میں اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔

مسلم لیگی رہنما انجم عقیل خان نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک مسلمہ حقیقت ہے اس کے بغیر ملکی سیاست ادھوری ہے، حقائق سے آنکھیں چرانے سے حقائق چھپ نہیں جائیں گے، نادیدہ قوتوں کو ملک کی خاطر حقائق کو تسلیم کرنے ہوں گے، جمہوریت کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔