قائد نواز شریف ملکی تعمیر و ترقی کی علامت جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان کا نظریہ ہے، ملک سجاد

منگل 29 مئی 2018 16:37

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ویو سی 34 اسلام آباد سے چیئرمین ملک سجاد نے کہا ہے کہ قائد نواز شریف ملکی تعمیر و ترقی کی علامت جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پاکستان کا نظریہ ہے، مخالفین جتنا چاہیں سازشیں کر لیں کامیاب نہیں ہوں گے، نواز شریف کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرکے ان کی حب الوطنی کو ختم نہیں کیا جا سکتا، پہلے بھی مشکلات سے سرخرو ہوئے آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔

اپنے ایک ابیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے، نواز شریف کے خلاف سازش کی جا رہی ہے اور ملک کے 21 کروڑ عوام اس سازش کو ناکام بنا دیں گے، مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہرالیکشن میں سرخرو کیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ملک سجاد نے مزید کہا کہ ورثہ میں ملے معاشی مسائل سے قوم کو نجات دلانے کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتاہے، قائد نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے دن رات عوامی خدمت کی اور ملک کو اندھیروں سے نکالا اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی، یہ خدمت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کو چھوڑنے والوں کو جلد اپنی غلطی کا احساس ہو جائے گا اور الیکشن 2018ء میں کامیاب ہو کر پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی حکومت بنائے گی اور عوامی خدمت جاری رکھے گی۔