انتخابات میں کار کردگی کی بنا پر بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ،

مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی‘خواجہ سعد رفیق

منگل 29 مئی 2018 16:37

انتخابات میں کار کردگی کی بنا پر بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ،
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں وسیع پیمانے پر عوام کے مسائل حل کیے ہیں، ہمارے مخالفین ملک کی ترقی کی راستے میں رکاوٹ پید اکرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں مگر ان کی ہر سازش ناکام ہوکر رہ جائے گی، انشاء اللہ 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی کار کردگی کی بنا پر شاندار کامیابی حاصل کریں گے اور مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدوملہی ریلوے سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کو بتایاگیاکہ وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے وفاقی حکومت کی طرف سے بدوملہی ریلوے سٹیشن کے ساتھ پارک بنانے کی باقاعدہ طور پر منظوری کروائی اور اس کی تعمیر کے لیے رقم بھی منظور ہوگئی تھی مگر چندوجوہات کی بنا پر پارک کی تعمیر کا کام شروع نہ ہوسکا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی بدوملہی ریلوے سٹیشن کی عمارت کی خستہ حالی کی طرف توجہ دلوائی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر انہوںنے چیئرمین ریلوے ، سینئر جنرل مینجر ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو فور ی طور پر چلڈرن پارک کی تعمیر اور ریلوے سٹیشن بدوملہی کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے احکامات جاری کیے۔ اس دوران چیئرمین ریلوے انور جاوید بوبک ، سینئر جنرل مینجر ریلوے آفتا ب احمد ، ڈی ایس ریلوے محمد سفیان ڈوگر دیگر ریلوے کے آفسران اور معززین شہر موجودتھے ۔