لارڈز کے ہیرو محمد عباس نے نئی خواہش کا اظہار کر دیا

پہلے ٹیسٹ میں بہترین کارکردگی کے باعث محمد عباس آئی سی سی رینکنگ میں 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں

منگل مئی 16:31

لارڈز کے ہیرو محمد عباس نے نئی خواہش کا اظہار کر دیا
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2018 ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون باﺅلر بننے کی خواہشمند ہیں۔دائیں ہاتھ کے تیز باﺅلر محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں 64 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو پوویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے ،وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کے بعد لارڈز میں یہ اعزاز حاصل کر نے والے پاکستان کے تیسرے فاسٹ باﺅلر تھے، یہی نہیں اس کارکردگی کے بعد 28 سال کے فاسٹ باﺅلر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی پاکر اب 20 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

عباس سے دو درجے اوپر 18 ویں پوزیشن پر یاسر شاہ ہیں جو ان فٹ ہونے کے باعث قومی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ نہیں آئے۔ایک انٹر ویو کے دوران محمد عباس نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں “نمبر ون” بولر بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جب انہوں نے ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا، تو سیریز کے اختتام پر وہ 64 ویں نمبر پر تھے ، ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی پر ان کی رینکنگ 29ہو گئی تھی اور اب اس میں مزید بہتری کے بعد وہ دنیا کے ٹاپ20بہترین ٹیسٹ باﺅلرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

محمد عباس کے مطابق انہیں اس بات کی بھی بہت خوشی ہے کہ انھیں کیریئر میں پہلی بار ٹیسٹ کے بہترین باﺅلر ہونے کا موقع کرکٹ کے گھر لارڈز میں ملا۔یاد رہے کہ دائیں ہاتھ کے تیز باﺅلر نے 7 ٹیسٹ میچوں میں اب تک 40 وکٹیں حاصل کی ہیں ،جو پہلے 7 ٹیسٹ کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا پاکستانی باﺅلر کی جانب سے ایک نیا ریکارڈ بھی ہے۔محمد عباس لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراﺅنڈ میں سب سے بہترین باﺅلنگ کرانے والے ایشیائی فاسٹ باﺅلر بھی بنے تھے جنہوں نے دونوں اننگز میں 64 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے پہلے کسی بھی ایشیائی فاسٹ باﺅلر کی جانب سے ایسی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا تھا۔