نیب ٹیم نے شہباز شریف سے پھرتحقیقات کی تیاری کرلی

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف4 جون کوطلب،آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں خردبرد سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 مئی 2018 16:34

نیب ٹیم نے شہباز شریف سے پھرتحقیقات کی تیاری کرلی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مئی 2018ء) : نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو4 جون کوطلب کرلیا ہے،شہباز شریف سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرخردبرد سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب ٹیم لاہورنے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے دوبارہ تحقیقات کی تیاری شروع کردی ہے۔ نیب نے شہباز شریف کو 4جون کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی۔ اسی طرح نیب نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو بھی یکم جون کو طلب کرلیا ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کے جمع کروائے گئے جواب سے مطمئن نہیں۔ جس پرفواد کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔ واضح رہے نیب میں آشیانہ ہاؤسنگ میں خرد برد پر ایل ڈی اے کے سابق چیئرمین احد چیمہ سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب نے اس سے قبل بھی طلب کرکے میٹروملتان اور صاف پانی کرپشن کیس، جبکہ آشیانہ ہاؤسنگ سے متعلق پوچھ گچھ کی تھی۔ تاہم شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان کہا تھا کہ نیب ایک آئینی ادارہ ہے۔ نیب انہیں جب بھی طلب کرے گا وہ پیش ہوں گے۔دوسری جانب چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاویداقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نیب میں زیرتفتیش مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نیب کراچی ریجنل بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق نیب نے قومی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔نیب نے 10ہزار ایکڑسرکاری اراضی مافیا سے چھڑوا کر سندھ حکومت کو واپس کردی۔ یہ سرکاری اراضی جامشورو ضلع کی تحصیل تھانا بولا خان میں واقع ہے۔ دس ہزارایکڑسرکاری زمین کی مالیت تقریباً 75 ارب ہے۔

یہ سرکاری اراضی جعلسازی کے ذریعے مختلف ہاؤ سنگ اسکیمزکوالاٹ کی گئی تھیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ہرقسم کی بدعنوانی کےناسورسےآہنی ہاتھوں سےنمٹنےپرعمل پیرا ہے۔ نیب ’’احتساب سب کیلیے ‘‘کی پالیسی پرسختی سےعمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بلاتفریق احتساب کی پالیسی پر عمل کررہا ہے۔