اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین سینٹ کو قائم مقام صدر مقرر کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پر ملتوی کر دی

منگل 29 مئی 2018 16:53

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین سینٹ کو قائم مقام صدر مقرر کیے جانے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیرمین سینٹ صادق سنجرانی کو قائم مقام صدر مقرر کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت پر ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ہے ۔منگل کواسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے سماعت کی۔ ا س موقع پر اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف اور درخواست گزار افضل خان شنواری کی جانب سے افتخار بشیر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے عدالت کو بتایا کہ صدر پاکستان واپس آ چکے ہیں،اس وقت نگراں صدر پاکستان چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نہیں ہیں، درخواست میں چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بحیثیت قائم مقام صدر پاکستان تقرری کو چیلنج کیا ہوا ہے، صدر پاکستان کے واپس آنے پر درخواست غیر موثر ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

فاضل جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک آئینی معاملہ ہے اس پرہم تمام آئینی پہلووں کا بغور جائزہ لیں گے ۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ سلسلہ اب نہیں رکھے گا کیونکہ صدر پاکستان کی غیر موجودگی میں چیرمین سینیٹ آئینی طور پر قائم مقام کے عہدے پر دوبارہ فائض ہو جائیں گے ۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار اگر درخواست کو ترمیم کر کے دوبارہ داخل کرانا چاہئے تو کر سکتا ہے ۔عدالت نے درخواست کو دوبارہ ترمیم کرکے دائر کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔