احتساب عدالت میں محمد نواز شریف ، مریم نواز اورکیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

منگل 29 مئی 2018 16:53

احتساب عدالت میں محمد نواز شریف ، مریم نواز اورکیپٹن (ر)محمد صفدر کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کل بدھ تک ملتوی کر دی ہے ۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں کیپٹن (ر) محمد صفدر نے 128 میں سے 80 سوالات کے جواب دے دیے ہیں۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے تحریری بیان پڑھنا شروع کیا جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے مداخلت کی تاہم کیپٹن (ر) محمد صفدر نے پراسیکیوٹر نیب کے اعتراض کے باوجود اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس کیس کے ٹرائل کے لیے جے آئی ٹی کی خود ساختہ رپورٹ غیر متعلقہ ہے۔ سماعت کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے عدالت کی جانب سے پوچھے گئے 128سوالات میں سے 80 کے جواب دے دیے۔ عدالت نے مذید سماعت(آج)بدھ تک کے لیے ملتوی کردی ۔کیپٹن (ر) محمد صفدر آج بھی سوالات کے جوابات دیں گے ۔