قومی اسمبلی میں پارلیمانی ٹاسک فورس کے قیام پر سردار ایاز صادق کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

منگل 29 مئی 2018 17:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) قومی اسمبلی نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے پارلیمانی ٹاسک فورس کے قیام پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ۔ منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر اطلاعات ، نشریات ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ ہائوس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس پر ہم سپیکر‘ ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے ٹاسک فورس اور سیکرٹریٹ کا قیام خوش آئند ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی پارلیمان ہے جہاں ایس جی ڈی سیکرٹریٹ موجود ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہائوس اس ضمن میں صوبائی اسمبلیوں میں بھی اس طرح کے اقدامات کی تجویز پیش کرتا ہے۔ پارلیمانی ٹاسک فورس کو مستقبل کی پارلیمان کی ایک مستقل خوبی ہونا چاہیے۔

قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دے دی۔ قرارداد کی منظوری کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سپیکر سردار ایاز صادق کی اس ضمن میں خدمات کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر نے اس اہم ایشو پر کام کیا ہے جس میں قانون سازی اور عوام کی رائے کو مقدم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں‘ صوبائی اسمبلیوں‘ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی قانون سازی اسمبلیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔