منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل، ہزاروں شہریوں نے رجسٹریشن کروالی

ڈاکٹرطاہرالقادری ’’مثنوی مولانا رومؒ‘‘ کے موضوع پر شہر اعتکاف میں خطاب کرینگے، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونگے،بجلی ،صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے انتظامات کر لیے گئے، 51 کمیٹیاں قائم

منگل 29 مئی 2018 17:43

منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل، ہزاروں شہریوں نے رجسٹریشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 3 جون کو وطن پہنچیں گے، ڈاکٹر طاہرالقادری ہزاروں افراد کے ہمراہ اعتکاف بیٹھیں گے، امسال شہر اعتکاف میں ان کے خطابات کا موضوع ’’مثنوی مولانا رومؒ ‘‘ ہو گا، شہر اعتکاف کی خصوصی طور پر تزئین و آرائش کی گئی ہے اور متعکفین کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے بجلی، صاف پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق اس کے علاوہ شہر اعتکاف کی عمارت کی خصوصی طورپر تزئین وآرائش کی گئی ہے، خواتین اور مرد حضرات کی طرف سے بڑی تعداد میں رجسٹریشن ہو چکی ہے، معتکفین کی سہولت اور آرام کیلئے 51 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، مرکزی کمیٹی کے سربراہ خرم نوازگنڈاپور، نائب سربراہ بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد اور شہر اعتکاف کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری جواد حامد ہیں جبکہ دیگر نائب سربراہان میں انجینئر محمدرفیق نجم، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، علامہ رانا محمد ادریس، سردار شاکر مزاری شامل ہیں جبکہ ذیشان بیگ، سیف اللہ بھٹی، سعیداختر، میاں زاہد جاوید، ڈپٹی سیکرٹری ہوں گے جبکہ مرکزی کمیٹی میں 27 ممبر خدمات انجام دیں گے۔