پلوامہ میں معصوم شہری کے قتل نے بھارتی حکومت کی اعلانِ جنگ بندی کی قلعی کھول دی ہے

حریت رہنما اورپیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل کا بیان

منگل 29 مئی 2018 18:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورپیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے کہاہے کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں پلوامہ میں ایک معصوم شہری بلال احمد گنائی کے بہیمانہ قتل سے جہاں بھارتی حکومت کی طرف سے اعلانِ جنگ بندی کی قلعی کھل گئی ہے وہیں بھارتی وزیر داخلہ کی طرف سے حال ہی میں مذاکرات کی پیشکش سے بھی ہوا نکل گئی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد مصدق عادل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںضلع پلوامہ کے علاقے کاکہ پورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بلال احمد گنائی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کاروائی قراردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مجاہدین کی کامیاب کارروائی کے بعد بھارتی فورسز نے اپنی عادت سے مجبور ہوکر اپنے غصے کی بھڑاس نکالنے کے لئے ایک معصوم شہری کو شہید کردیا۔ انہوں نے شہید ہونے والے نوجوان بلال احمد گنائی کے والدین اور دیگرلواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔