ناظم تعلیم سکولز نسواں میرپورڈویژن کے حکم پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈنہ کے معطل تدریسی وغیر تدریسی عملہ کی انکوائری مکمل

رپورٹ ڈی ای او نسواں کوٹلی نے ارسال کردی

منگل مئی 18:19

کو ٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) ناظم تعلیم سکولز نسواں میرپورڈویژن کے حکم پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈنہ کے معطل تدریسی وغیر تدریسی عملہ کی انکوائری مکمل، ڈی ای او نسواں کوٹلی نے رپورٹ ارسال کردی۔معطل عملہ نے معذرت نامے جمع کرواتے ہوئے تحریری یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ وقت کی پابندی کی جائے گی اور بغیر رخصت کی منظوری کے غیر حاضری نہ ہوگی۔

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ ناظم تعلیم میرپور ڈویژن نے 7مئی کو دورہ کوٹلی کے دوران گورنمنٹ گرلزہائی سکول ڈنہ کا معائنہ کیا تھا جہاں تدریسی عملہ تعظیم اختر،غزالہ یعقوب،نازیہ کوثر،عابدہ شاہین،زبینہ کوثر اور نائب قاصد ظہیرالدین کو غیر حاضری کی پاداش میں معطل کرتے ہوئے ڈی ای اونسواں کوٹلی عظمیٰ شیراز کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ای اوزنانہ کوٹلی نے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ ارسال کردی ہے ،معطل عملہ نے معذرت نامے اور صدر معلمہ کی طرف سے کی گئی سفارش بھی ناظم تعلیم میرپور ڈویژن کو ارسال کی ہیں جس میں معطل عملے نے معافی مانگتے ہوئے تحریری طور پر یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ آئندہ وقت کی پابندی کریں گی،دوران ڈیوٹی کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں گے اور جس دن رخصت پر ہونگے پیشگی اطلاع صدر معلمہ کو دیں گے۔

اس سلسلہ میں جب میڈیا نے انکوائری آفیسر ڈی ای او زنانہ کوٹلی عظمیٰ شیراز سے رابطہ کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ ناظم تعلیم کی ہدائت پر میں نے معطل عملہ کے خلاف انکوائری رپورٹ ارسال کردی ہے تاہم میں نے اس دوران چار مختلف دنوں میں گورنمنٹ گرلزہائی سکول ڈنہ کے سرپرائز وزٹ کیے تو عملہ سکول میں حاضر پایاجس سے یوں محسوس ہوا کہ سارے عملے کو اپنی غلطی کااحساس ہو گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین جو معطل کیے جاتے ہیں ایک نہ ایک دن بحال ہو ہی جاتے ہیں ،ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس سٹاف بہت کم ہے اگر ہم ایک ادارہ کے سارے عملہ کو زیادہ دیر تک معطل رکھیں گے تو اُن کی کارکردگی پر پڑنے والا فرق بچوں کی تعلیم میں حرج کا باعث ہوگااس لیے رپورٹ کے ساتھ ساتھ معطل عملہ کی طرف سے پیش کیے گے معذرت نامے اور صدر معلمہ ادارہ ہذا کی سفارش بھی ناظم تعلیم کو ارسال کردی ہیں تاکہ اُنھیں معطل عملہ کے خلاف مزید کارروائی کرنے یا اُنھیں بحال کرنے کے فیصلہ میں آسانی ہو۔

متعلقہ عنوان :