(ن) لیگی حکومت کا محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد عرصہ کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ

غریب ملازموں کا مسلم لیگ(ن) کی آزاد کشمیر حکومت سے اظہار تشکر

منگل 29 مئی 2018 18:25

کو ٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی طرف سے محکمہ شاہرات میں 10سال سے زائد عرصہ کے عارضی ملازمین کو مستقل کیے جانے کے فیصلہ پر غریب ملازموں نے اظہار تشکر کا اظہار کیا ہے۔ملازمین تنظیموں نے اس اہم اقدام پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان ،وزیر حکومت چوہدری عزیز احمد خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ محکمہ شاہرات میں ایسے ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہیں عارضی طور پر کام کرتے ہوئے 16,16سال ہوچکے تھے اور اُن لوگوں کا کیا مستقبل تھا وہ خود بھی نہیں جانتے تھے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے وزیر چوہدری عزیز احمد خان نے اپنے محکموں کے آفیسران کی طرف سے ایسے ملازمین کے تاریک مستقبل کی نشاندہی پر ایکشن لیتے ہوئے تمام ملازمین کا ڈیٹا جمع کروایا اور وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے اُنھیں مستقل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھانے پر قائل کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے محکمہ شاہرات میں ایسے ملازمین جو عارضی طور پر 10سال سے زائد عرصہ سے ملازمت کر رہے تھے کو پختہ کرنے کا بڑا اور اہم فیصلہ سامنے آنے کے بعد ان چھوٹے اور عارضی ملازمین کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے ہیں جس پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملازمین تنظیموں نے حکومت آزادکشمیر کے اس اقدام پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور وزیر تعمیرات عامہ چوہدری عزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ صرف کوٹلی میں ایسے ملازمین کی تعداد70کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے جنہیں مستقل کیا گیا ہے۔