Live Updates

اے این ایف کی 22 ملک گیر کاروائیاں ، 1.557 ٹن منشیات برآمد

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 2 غیر ملکیوں سمیت33 ملزمان گرفتار، 7گاڑیاں ضبط،برآمد شدہ منشیات میں 1548کلو گرام چرس،8.7کلوگرام ہیروئن اور 750 گرام ایمفیٹا مائن شامل

منگل 29 مئی 2018 18:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 22ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1ارب 11کروڑ روپے بین الاقوامی مالیت کی1.557 ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 2 غیرملکیوں سمیت33ملزمان کوگرفتارجبکہ7 گاڑ یاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1548کلو گرام چرس،8.7کلوگرام ہیروئن اور 750 گرام ایمفیٹا مائن شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ اندرونِ بلوچستان سے بھاری مقدار میں منشیات کراچی اسمگل کی جارہی ہیں۔اطلاع کے پیش نظراے این ایف کوئٹہ نے لسبیلہ کراچی روڈ پر ناکہ بندی کر کے کراچی جانے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ شروع کر دی۔اسی اثنااے این ایف کی ٹیم نے آر سی ڈی روڈ، نزد زیرو پوائنٹ، لسبیلہ کے قریب ایک ٹرالر نمبر TLW-381 کو روک کر دوران تلاشی ٹرالر کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1500 کلو گرام چرس برآمد کر لی جبکہ موقع پر موجودکراچی کے رہائشی سہراب نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اے این ایف راولپنڈی نے سکائی ویز بس سٹاپ، فیض آباد کے قریب ایک ڈائیوو ریسر کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی سیٹوں میں چھپائی گئی 3 کلو گرام چرس برآمد کرلی، جبکہ موقع پر موجود پشاور کے رہائشی علی رضاقادری اور محمد عامر نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے بنک سٹاپ، اٹک کے قریب پشاور کے رہائشی فردوس خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PK-233نائیجیریا جانے والے اونیڈیکا شوکوو اوکیبی اور جینیفر ایجیوما نامی 2 نائیجیرین باشندوں کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے ٹرالی بیگ سے 1.796 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے کچہری چوک راولپنڈی کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 4.5 کلو گرام چرس، 20 عدد ایسٹیسی گولیاں، ایک 30بور پستول بمعہ میگزین اور 4 گولیاں اور ایک عدد 8MM کلاشنکوف بمعہ 10 گولیاں برآمد کر کے موقع پر موجود لاہور کے رہائشی انیل چوہدری، گجرانوالہ کے رہائشی کاشف اصغر، خوشاب کے رہائشی احسن نواز اور مظفر آباد کے رہائشی سید ابرار حسین نامی 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبر NL-773سعودی عرب جانے والے بہاولنگرکی رہائشی کنیز فاطمہ اور محمد سلطان نامی 2 مسافروں کے ٹرالی بیگ سے 1.585 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے ساہیوال کے رہائشی محمد سلیم اور فیصل آباد کے رہائشی محمد شفیق نامی 2 ملزمان کو شک کی بنا پر حراست میں لیا۔

دوران تفتیش ملزمان نے اپنے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا اعتراف کر لیا جس پر انہیں ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے پیٹ سے بالترتیب 45 اور40 عدد ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کئے گئے۔بعد ازاں برآمد شدہ کیپسولوں سے مجموعی طور پر 860 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور پر واقع کارگو کمپلیکس سے سعودی عرب جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس سے 3.075 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ ہیروئن کپڑوں میں جذب کر کے سعودی عرب اسمگل کی جا رہی تھی۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے شہنشاہ ہوٹل، گودار چوک، مظفر گڑھ کے قریب مظفر گڑھ کے رہائشی مست واسو مائی نامی ملزم کے قبضے سے 1 کلو گرام چرس اور 200 گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے گورنمنٹ پرائمری سکول لگ، منڈی بہائوالدین کے قریب منڈی بہائوالدین کے رہائشی زاہد عرفان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 650 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے بذریعہ پرواز نمبر NL-773 سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان میں چھپائی گئی 470 گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 الگ الگ کاروائیوں کے دوران کرک کے رہائشی دیان اللہ خٹک، نقیب اللہ اور انور کمال نامی 3 ملزمان کے بیگ سے بالترتیب 1.65، 1.65اور1.15 کلو گرام چرس برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، تینوں ملزمان شاہین ایئرلائنز کی پرواز نمبر NL-792 کے ذریعے شارجہ روانہ ہو رہے تھے۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مردان کے رہائشی شکیل احمد نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان میں موجود شوز برش اور پرفیوم سپرے سے 750 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ملزم پرواز نمبر PA-674 کے ذریعے زیاض روانہ ہو رہا تھا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ پشاور کے قریب ایک مسافر ویگن کو روک کر اس میں سوار چترال کے رہائشی شمشیر علی خان نامی مسافر کے قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پستخارہ چوک، رنگ روڈ، پشاور کے قریب سوزوکی خیبر اور سوزوکی کلٹس گاڑیوں کو روک کر دوران تلاشی دونوں گاڑیوں کی سیٹوں اور دروازوں میں چھپائی گئی مجموعی طور پر 4.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی علی شاہ اور رحیم اللہ نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔کراچی میں واقع ایک نجی کورئیر دفتر کی جانب سے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک مشکوک پارسل کو اے این ایف کراچی کے حوالے کیا۔

تلاشی لینے پر مشتبہ پارسل سے 700 گرام ہیروئن برآمد کی گئی جسے حیدر آباد سے بک کروایا گیا تھا،تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ایک اور کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے نیو سبزی منڈی، سپر ہائی وے، کراچی کے قریب ایک سوزوکی لوڈر گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 15 کلو گرام چرس برآمد کر کے نواب شاہ کے رہائشی منیر اود جبکہ کراچی کے رہائشی عمران خان اور سہیل نامی 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے نیو سبزی منڈی، سپر ہائی وے، کراچی ہی کے قریب ایک ٹیوٹا GLI کارکو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے کراچی کے رہائشی دو ملزمان عزیز خان اور محمد ایاز خان کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے ہندو پاڑہ، شیریں جناح کالونی، کراچی میں واقع بسم اللہ نیو سلاطین ہوٹل کے قریب کراچی کے رہائشی یاسین نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1.3 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے فتح چوک، حیدر آباد کے قریب ٹنڈو آلہ یار کے رہائشی غلام محمد، عجب گل اور عجیب نامی تین ملزمان کے ذاتی قبضے سے 2.5 کلو گرام چرس برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات