مرکزی تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات آزادکشمیر کی کال پر فنی ملازمین کی ہڑتال 16ویں روز بھی جاری رہی

منگل 29 مئی 2018 18:34

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2018ء) مرکزی تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات آزادکشمیر کی کال پر آزادکشمیر بھر کے فنی ملازمین کی ہڑتال منگل کو سولویں روز بھی جاری رہی راولاکوٹ میں گزشتہ روز ایک ریلی کا انعقاد کیاگیا جس میں ملازمین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی نے شہر کا چکر لگا نے کے بعد ایک احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر لی شرکاء ریلی اعلی حکام کی بے حسی کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملازمین اس مرتبہ اعلی حکام کے جھانسے میں نہیں آئیں گے جب تک اپ گریڈیشن اور رسک الائونس کے نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتے اس وقت تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھی جائے گی انہوں نے کہا کہ صرف بجلی کی ایمر جنسی سروس بحا ل رکھی گئی ہے تاکہ صارفین کو رمضان میں تکلیف نہ ہو ادھر بجلی کے بلات کی ترسیل بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے ریونیو اور بقایاجات کی وصولی کا کام بھی ٹھپ ہو کررہ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر ہمارے تسلیم شدہ مطالبات کا فی الفور نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو ایمرجنسی سروس کو بھی بند کر دیاجائے گا اور حالات کی خرابی کی ذمہ داری اعلی حکام پر ہوگی احتجاجی جلسہ سے ضلعی صدر عبدالقیوم خان ، جنرل سیکرٹری دائود رفیق ، مرکزی سنیئر نائب صدر سردار امتیاز خان، ضلعی جنرل سیکرٹری فیض خان، چوہدری اشرف ، شاہد خان ، محمد ندیم بٹ ، لیاقت محمود ، عمران خالد ، طارق صیاد ،شوکت شاکر، شارف خان، خان بشیر اور دیگر نے خطاب کیا

متعلقہ عنوان :