ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ منتخب حکومت نے اپنی مدت پوری کی ہے ،بشارت مرزا

منگل 29 مئی 2018 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ بشارت مرزانے جسٹس (ر) ناصرالملک کی بحیثیت نگراں وزیراعظم نامزدگی پر حکومت اور اپوزیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے اتفاق رائے کو خوش آئند قراردیاہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ منتخب حکومت اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے جس کا تمام ترسہرامیثاق جمہوریت کو جاتاہے،سیاستدان اسی طرح اپنے درمیان اتفاق رائے اور اتحادرکھیں تو کسی طالع آزماکی مجال نہیں کہ جمہوریت پر شب خون مارسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میثاق جمہوریت بابائے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر سیاسی اکابرین کا تحفہ ہے،جس کے ثمر سے آج استفادہ اٹھایاجارہاہے،ایسے میں جمہوری قوتوں کو چاہئے کہ ان اکابرین کو خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے ملک میں جمہوریت کی آبیاری اور جمہوری اقدارکی سربلندی کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔انہوں نے امید ظاہر کی جسٹس (ر) ناصرالملک نگراں وزیراعظم کی حیثیت سے ملک میں جمہوریت کے پنپتے ہوئے رجحان کی آبیاری کریں گے اور جمہوریت کے استحکام اور سربلندی میں اپناکرداراداکرتے ہوئے شفاف اورمنصفانہ انتخابات کرواکے نئے حکمرانوں کو عنان حکومت دیں گے۔