جڑانوالہ،لاہور روڈ پر ہونے والے المناک حادثہ میں دوکا رسوار حقیقی بھائی جاں بحق ،تین افراد شدید زخمی

منگل 29 مئی 2018 18:40

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) لاہور روڈ پر ہونے والے المناک حادثہ میں دوکا رسوار حقیقی بھائی جاں بحق تین افراد شدید زخمی ۔حادثہ کا شکا ر ہونے والے پانچوں دوست بڑا گھر سے میلہ دیکھ کر براستہ جڑانوالہ فیصل آباد جا رہے تھے ۔تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے خوفناک حادثہ کے بعد کار کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ نور پور کے رہائشی حقیقی بھائی شان اور ذیشان اپنے دوستوں خرم ،شاہ خان اور فیصل کے ہمراہ بڑا گھر سے میلہ دیکھ کر براستہ جڑانوالہ واپس فیصل آباد جا رہے تھے کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ چکنمبر 144گ ب سٹاپ کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے کار پر قابو نہ رکھ سکے جس کے نتیجہ میں کار بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر بُری طرح تباہ ہو گئی اور بجلی کے تار گرنے سے اس میں آگ بھڑک اٹھی ،حادثہ کے نتیجہ میں شان اور ذیشان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کے دوست خرم ،شاہ خان اور فیصل شدید زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کے اہلکار وں نے موقع پر پہنچ کر کار میں لگنے والی آگ بجھائی اور کار کی باڈی کاٹ کر نعشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا اور انہیں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے زخمیوں کو تشویش ناک صور ت حال کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس تھانہ لندیانوالہ نے حادثہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔