اسلام آباد،تھانہ کورال کی حدود میں مسلح غنڈوں کا گھر پر دھاوا،مکینوں کو زدوکوب کیا

محمد طفیل نامی شہری نے تھانے میں درخواست جمع کرادی،وزیر داخلہ ،چیف جسٹس سے تحفظ دینے کی اپیل

منگل 29 مئی 2018 18:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) تھانہ کورال کی حدود میں علاقے کے بااثر اور نامی گرامی بدمعاش گروپ کے مسلح غنڈوں نے شہری کے گھر پر فائرنگ کرتے ہوئے دھاوا بول دیا ۔ غنڈوں نے گھر کے مکینوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے مسماة نازش طفیل سے متعلق معلومات طلب کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق علاقہ تھانہ کورال بھٹہ روڈ گلی نمبر 19 کے رہائشی محمد طفیل نے تھانہ کورال میں درخواست جمع کراتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ شب رات دس بجے پانچ مسلح افراد جو کہ جدید اسلحہ سے لیس تھے اُنہوں نے اُن کے گھر پر فائرنگ کرتے ہوئے گیٹ کا لاک توڑ کر گھر میں داخل ہو گئے اور گھر میں موجود محمد ہارون اور اس کی بیوی بچوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنائے رکھا اور مسماة نازش طفیل سے متعلق پوچھ گچھ کرتے رہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ علاقے کے بااثر شخصیت کے بیٹے نے کچھ عرصہ قبل بھی محمد طفیل جو کہ لندن میں مقیم ہیں کی بیٹی سے زبردستی شادی کیلئے مطالبہ کیا تھا جس پر اُس کے اہل خانہ نے خوف کے مارے علاقہ اور بعد میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ۔ مسلح افراد نے دھمکی دی ہے کہ محمد طفیل اور نازش طفیل پاکستان آئے ہوئے تو ہم اُسے قتل کرکے اس کی بیٹی کو زبردستی اُٹھا کر لے جائیں گے۔

جس پر محمد ہارون اور اس کی بیوی نے اُن کی منت سماجت کی کہ طفیل اور اس کے بچے لندن میں ہیں وہ یہاں نہیں لیکن وہ لوگ بضد رہے اور گھر کے سامان وغیرہ کو نقصان پہنچاتے رہے۔ درخواست گزار محمد طفیل نے وزیر داخلہ ،چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان بااثر غنڈوں کیخلاف کارروائی کر کے متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔