جے یو آئی(ف) کی آسیہ ناصر کا مردم شماری کے عبوری نتائج میں اقلیتوں کی آبادی کم ظاہر کرنے پر تحفظات کا اظہار

منگل 29 مئی 2018 19:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) جے یو آئی (ف) کی رکن قومی اسمبلی آسیہ ناصر نے مردم شماری کے عبوری نتائج میں اقلیتوں کی آبادی کم ظاہر کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقلیتوں کی اسمبلیوں میں نمائندگی میں اضافہ کیا جائے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر آسیہ ناصر نے کہا کہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق مسیحی برادری کی پاکستان میں آبادی کم دکھائی ہے ہمیں اس پر تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی اقلیت کی دل آزاری نہ کی جائے اور ہماری اسمبلیوں میں نمائندگی کم ہے اس میں اضافہ کیا جائے۔ سیاسی جماعتوں کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ تیسری مرتبہ انتقال اقتدار کا پرامن مرحلے طے ہو رہا ہے یہ خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی کو سکیورٹی فراہم کی جائے ورنہ ہمارے اسلحہ لائسنس بحال کئے جائیںانہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ آنے والے الیکشن میں برداشت کے کلچر کو فروغ دے کر مثالی بنائیں۔

جمہوریت اس وقت مضبوط ہوگی جب ہم اپنے رویے جمہوری بنائیں گے اور ہمیں جمہوری اداروں اور ووٹروں کی عزت یقینی بنانا ہوگی۔ انہوں نے سپیکر کے کردار کو سراہا۔ سپیکر نے کہا کہ مسیحی برادری بھی اسی طرح پاکستان ہیں۔ پانچ سال تک ارکان نے مجھے برداشت کیا جس کے لئے میں ان کا شکرگزار ہوں۔ شازیہ مری نے کہا کہ سیالکوٹ میں احمدی کمیونٹی کی عبادت گاہ پر حملے کی مذمت کرتی ہوں۔ اقلیتوں کو آئین کے تحت تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں پاکستانی ہیں ہمیں سب کو یکساں عزت دینی چاہیے۔۔۔