وزیراعلیٰ پنجاب7 ڈویژن ہیڈ کوارٹرز میرانشاہ پہنچ گئے

شہبازشریف کی یادگارشہداء پرحاضری،پھولوں کی چادرچڑھائی،وزیراعلیٰ کوپاک افغان سرحد پرباڑاورمینجمنٹ پربریفنگ،ضرب عضب کے بعد ردالفساد کی کامیابی قوم کی کامیابی ہے،جوانوں کی قربانیوں کی اقوام عالم میں مثال نہیں ملتی،قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،باڑ لگانے کیلئے پنجاب حکومت نے تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 مئی 2018 17:27

وزیراعلیٰ پنجاب7 ڈویژن ہیڈ کوارٹرز میرانشاہ پہنچ گئے
میرانشاہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مئی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف 7ڈویژن ہیڈکوارٹرز میرانشاہ پہنچ گئے، شہباز شریف نے یادگار شہداء پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی،وزیراعلیٰ پنجاب نے میرانشاہ میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت بھی پیش کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف 7 ڈویژن ہیڈکوارٹرزمیرانشاہ اور پاک افغان سرحد پرکیٹون علاقے کا دورہ کیا۔ شہبازشریف نے یونس خان اسپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔دورہ شمالی وزیرستان کے موقع پرشہباز شریف کے ہمراہ سینیٹر مشاہد حسین ، امیر مقام اور ملک احمد خاں بھی تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو 7ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں پاک افغان سرحد مینجمنٹ اور باڑ لگانے پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل آفیسر کمانڈنگ 7ڈویژن میجر جنرل اظہرعباسی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔شہباز شریف نے شہدا ء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ملکی تاریخ میں تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے۔پاک فوج کے جوانوں کی اقوام عالم میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب کے بعدآپریشن ردالفساد کی کامیابی قوم کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دورہ پاک افغان سرحد پرمینجمنٹ اور باڑ کے کام کا جائزہ بھی لیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے سے دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے میں مدد ملی ہے۔ باڑ لگانے سے دہشتگردی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پرباڑ لگانے کیلئے پنجاب حکومت نے تعاون کیا آئندہ بھی کریں گے۔