Live Updates

پیپلز پارٹی کو حقیقی کام کرنا ہی نہیں تھا، صرف نام کمانا تھا،خرم شیر زمان

منگل 29 مئی 2018 19:42

پیپلز پارٹی کو حقیقی کام کرنا ہی نہیں تھا، صرف نام کمانا تھا،خرم شیر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو دوبار اقتدار ملا لیکن انہوں نے سندھ کے عوام کے ووٹوں کی کوئی قدر نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کی کارکردگی صفر رہی اورصوبے میں سینکڑوں منصوبے نامکمل چھوڑ دئیے گئے کیونکہ پیپلز پارٹی کو حقیقی کام کرنا ہی نہیں تھا۔

صرف نام کمانا تھا۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے عہدیداران و کارکنان سے بات چیت کے دوران کہیں۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی ویمن ونگ کی صدر صائمہ ندیم، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی کراچی شہزاد قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنائے گئے کروڑوں کے بجٹ منظور ہوئے ، اس کے باوجود کوئی کام مکمل نہیں کیا گیا۔

محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے سڑکوں اور عمارات کی تعمیر کے ایک سو پچاس کے قریب منصوبے اب تک نامکمل ہیں۔ تعلیم،صحت،اقلیتی اموراورکھیل کے بھی درجنوں منصوبے مکمل نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غور کرنا ہوگا کہ کوئی سیاسی پارٹی کیوں اقتدار حاصل کرنے کے بعد کوئی کام نہیں کرتی۔ دراصل ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ انہوں نے پارٹی کی تشہیر کے لیے اور انتخابی مہم کے لیے کروڑوں کا خرچہ کیا ہوتا ہے۔

یہ لوگ ایک مافیا کی طرح اقتدار میں آنے کے بعد اپنے اخراجات کی ریکوری شروع کردیتے ہیں۔ ریکوری سے مراد صرف کیے گئے اخراجات کی واپسی نہیں بلکہ منافع کا حصول بھی ہے۔ ان کی توجہ کسی بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کو تکمیل تک پہنچانے پر کبھی نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے اقتدار تو حاصل کیا لیکن کام کچھ نہیں کیا۔ زرداری لیگ صرف اور صرف پیسہ اور بینک بیلنس بڑھانے پر اکتفاکرتی رہی۔ سندھ کے عوام دس سال پہلے جہاں سے چلے تھے، آج بھی وہیں کھڑے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف دراصل اسی سیاسی مافیا کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم سندھ اور پورے پاکستان میں عوام کے حقوق کے لیے کام کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات