Live Updates

سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے عبداللہ حسین ہارون کا نام تجویز کیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی

عبداللہ حسین ہارون کو اگر نگراں وزیرا علیٰ بنایا گیا تو وہ اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن انجام دیں گے ،رہنما تحریک انصاف

منگل 29 مئی 2018 19:42

سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے عبداللہ حسین ہارون کا نام تجویز کیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی نے عبداللہ حسین ہارون کا نام تجویز کیا ہے جو اچھی شہرت کے مالک ہیں اور ان کا ماضی بے داغ ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے عہدیداران و کارکنان سے بات چیت کے دوران کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام سے اپوزیشن لیڈرسندھ خواجہ اظہار الحسن کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عبداللہ حسین ہارون ایک قابل تعریف انسان ہیں جن کے کردار پر کوئی شخص انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عبداللہ حسین ہارون کو اگر نگراں وزیرا علیٰ بنایا گیا تو وہ اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن انجام دیں گے اور سندھ کے بہترین مفاد میں نگران وزیرا علیٰ کے طور پر فیصلے کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے ذمے بہت سے اہم کام ہوں گے اور بے شک وہ ایک مختصر عرصے کے لیے حکومت کریں گے لیکن سندھ کے عوام کے لیے ان کے فیصلے یادگار بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ عبداللہ حسین ہارون نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کیا ہے۔ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر رہے اور ہر فورم پر پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی ہمارے ساتھ مل کر عبداللہ حسین ہارون کے نام پر اتفاق کریں کیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے بہت سوچ سمجھ کر عبداللہ حسین ہارون کو سندھ کے اس اہم ترین منصب کے لیے منتخب کیا ہے جو سندھ کی ایک مایہ ناز شخصیت ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ دیگر سیاسی رہنمائوں کو ان کے انتخاب پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات