اے کے جی رمضان کرکٹ‘ شمیل سی سی نے عمر کولٹس کو ہرا کر اپنا کھاتہ کھول لیا

منگل 29 مئی 2018 19:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) 31واں آغا خان جیم خانہ رمضان ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں گروپ ’بی‘ کے میچز مکمل ہوگئے۔ ٹپال سی سی نے کلین سوئپ کرتے ہوئے اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کرکے بحیثیت گروپ لیڈر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ عمر کولٹس کو بیٹنگ اوسط پر بحیثیت رنر اپ کوارٹر فائنل میں جگہ ملی۔

آخری لیگ میچ میں اپ سیٹ نتیجہ سامنے آیا جب اپنے دونوں ابتدائی میچوں میں شکست سے دوچار ہونے والی شمیل سی سی نے عمر کولٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر اپنے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کیلئے امکانات کو روشن رکھا۔ آغا خان جیم خانہ گراؤنڈ گارڈن ویسٹ پر عمر کولٹس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں پر 158رنز سمیٹے۔

(جاری ہے)

افتخار احمد نے 8چوکوں کی مدد سے 60رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ گوہر علی نے 3چوکے اورایک چھکا لگا کر32رنز جبکہ بلال جاوید نے 11رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ اعظم خان نے 28، عبید ابراہیم نے 34اور حسرت نواز نے 35رنز پر2,2 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ شمیل سی سی نے سجاد ہاشمی کی 92رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 18.4اوورز میں 9وکٹوں پر 159رنز بنا کر اپنا کھاتہ کھولا۔

سجاد ہاشمی نے پہلی وکٹ پر بلال ارشاد کے ہمراہ 11.4اوورز میں 121رنز کی شراکت داری نبھائی۔ سجاد ہاشمی کے 92 رنزمیں 8چھکے اور 7چوکے شامل تھے۔ بلال رشید نے 4چوکوں کی مدد سے 37رنز اسکور کئے۔ صداقت کو 31رنز پر 3جبکہ حیدر علی کو 34رنز اورحسیب الرحمن نے 29رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں میدان بدر کیا۔سجاد ہاشمی کو عبدالخالق پسنانی، سیکریٹری اے کے جی نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔الامین تریانی اور میرافضل بیگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایمپائرز وسیم الدین اور عرفان حبیب جبکہ آفیشل اسکورر عمران تھے۔آج (بدھ)اے سی ٹی انجینئرنگ اور ڈالر ایسٹ کے مابین مقابلہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :