Live Updates

تحریک انصاف کا عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کیخلاف چیف الیکشن کمشنر ،نامزد نگران وزیر اعلیٰ کو خط لکھ

شہباز شریف کی جانب سے وزارتِ اعلی چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل اہم ترین تعیناتی قابل تشویش ہے،قبل ازوقت دھاندلی کی کوشش دکھائی دیتی ہے عاصمہ حامد کے والد شاہد حامد ،چچا زاہد حامد شریف خاندان کے وفادار ہیں،بادی النظر میں وفاداری نبھانے کے عوض تعینات کیا گیا‘فواد چوہدری

منگل 29 مئی 2018 19:50

تحریک انصاف کا عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کیخلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) تحریک انصاف نے عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی کیخلاف چیف الیکشن کمشنر اور نامزد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھ دیا جبکہ فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے وزارتِ اعلی چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل اہم ترین تعیناتی قابل تشویش ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور نامزد نگران وزیراعلی کو لکھے گئے خط میں عاصمہ حامد کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے وزارتِ اعلی چھوڑنے سے چند گھنٹے قبل اہم ترین تعیناتی قابل تشویش ہے، عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تقرری کیلئے چنا گیا وقت اور طریقہ کار تشویشناک ہے ، عاصمہ حامد کے والد شاہد حامد اور چچا زاہد حامد شریف خاندان کے وفادار ہیں۔

(جاری ہے)

بادی النظر میں عاصمہ حامد کو شریف خاندان سے وفاداری نبھانے کے عوض تعینات کیا گیا۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ من پسند شخصیت کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعیناتی قبل از انتخابات دھاندلی کی کوشش دکھائی دیتی ہے، عاصمہ حامد کی تقرری کے ذریعے شہباز شریف کے اقدامات کے شخصی دفاع کا اہتمام کیا جا رہا ہے، شریف خاندان سے قربت اور وفاداری عاصمہ حامد کی واحد قابلیت ہے، عاصمہ حامد کی بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تقرری فوری طور پر کالعدم قرار دی جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات