پنجاب کے ہر ضلع کی انتظامیہ تیز بارشوں سے نپٹنے کیلئے تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں‘ندیم کامران

مون سون سے قبل ممکنہ سیلابی بارشوںکے خطرہ کے پیش نظر تمام ندی نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں ‘صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات

منگل مئی 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے سیلاب ملک ندیم کامران کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پنجاب میںکیبنٹ کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ عہدیدارن ویڈیو لنک پر موجود تھے۔

اجلاس کا مقصد مون سون سے قبل سیلاب کے متوقع خطرات کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ ملک ندیم کامران نے اس موقع پر تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر زکو ہدایت کی کہ وہ مون سون سے قبل ممکنہ سیلابی بارشوںکے خطرہ کے پیش نظر تمام ندی نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام کیبنٹ کمیٹی ممبران اورڈپٹی کمشنرزکی معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین چار برس سے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نپٹنے کیلئے ہم سب نے ٹیم ورک کے طور پر کام کیا ہے ۔

جس کے لئے میں آپ سب کا مشکور ہوں۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد اسلم کمبوہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب یا تیز بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ز ندی نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہر ضلع کے محکمہ واسا اور میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ کوئی بھی نہر سیوریج کیلئے استعمال نہ کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران صاف پانی کی فراہمی کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے فلٹریشن پلانٹ کی جانچ پڑتال کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مدثر وحید ملک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اورسیلاب جیسی کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نپٹنے کیلئے بہت سے اقداما ت کئے جا چکے ہیں۔

اس موقع پر محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مون سون سے قبل سیلاب کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا تاہم آندھی و طوفان جون و جولائی کے مہینوں میں متوقع ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ آنے والے چوبیس سے چھتیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی ڈویژن کے چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کے امکانات موجود ہیں ۔

متعلقہ عنوان :