سرگودھا میں 260مستحقین میں 10 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کے امدادی چیک تقسیم

( ن) لیگ کے دور اقتدار میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کو ان کا جائز حق فراہم کیا گیا‘ خلیل طاہر سندھو مسلم لیگ ن کے حالیہ پانچ سالہ دورمیں اقلیتوں کے بارے میں سماجی رویوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے‘صوبائی وزیر اقلیتی امور

منگل 29 مئی 2018 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقو ق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ یہ اقدام باعث فخر ہے کہ مسلم لیگ( ن) کے دور اقتدار میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کو ان کا جائز حق فراہم کیا گیا اور صوبہ پنجاب میں جدھر بھی اقلیتیں رہائش پذیر ہیں ادھر حکومت پنجاب کی جانب سے ترقیاتی کاموں میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،سرگودہا میں ایک میگا پراجیکٹ کے تحت ساڑھے چھ کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع کے 28 گرجا گھروںکی تزئین وآرائش ‘دو قبرستانوں کی چاردیواری او رکرسچن آبادیوں میں کارپٹ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیںاور اس کیلئے ساڑھے تین کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ڈیفنس ہال،سرگودھا میں اقلیتوں میں مالی امداد کے چیکس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا لیاقت علی چٹھہ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک آصف اقبال‘ ایم این اے حامد حمید‘ مشتاق گل ‘رضوان گل ‘پرویز شالی ‘ چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری یوسف رندھاوا ‘ ڈاکٹر رشید گل ‘ مسلم لیگ ن کے اقلیتی ونگز کے صدور اور خواتین وحضرات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

صوبائی وزیر خلیل طاہرسندھو نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقلیتوں کیلئے ملازمتوںمیں پانچ فیصدکوٹہ کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں مسلم لیگی حکومت نے 91 سب انسپکٹر وں ‘ 127لیکچرار اور 187 دیگر ملازمتوں پر اقلیتی باصلاحیت نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے ایک حکم کے تحت اقلیتوں کے پانچ فیصد کوٹہ پر صرف اقلیتی امیدوار وں کی بھرتی کو لازمی قراردے دیا جبکہ ملازمتوں کے اشتہارات میں مسیحیوں پر خاک روب کا لیبل اتار دیاگیاہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مسیحی برادری آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اس کی کارکردگی کی بنا پر کامیاب کرائے تاکہ ملک میںجاری موٹر ویز ‘توانائی کے منصوبے اور سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مددملے ۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں عوام اصل طاقت کاسرچشمہ ہے اوراسے ایسی قیادت کا انتخاب کرناچاہیے جو ان کے مفادات کاتحفظ کرسکے ۔ اقلیتی رہنما ئوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت ‘ڈویژنل وضلعی انتظامیہ پر اپنے اعتماد کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے بھر پور تعاون کیا،جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

بعدازاں صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے 260مستحقین میں دس لاکھ 35 ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے ۔ انہوں نے عید گاہ روڈ پر کرسچن بستی میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کاافتتاح او راقلیتی قبرستان کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا۔