شاد باغ میں ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ سے 14سالہ راہگیر بچہ جاں بحق

14سالہ سلیم ہماری نہیں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ‘ ڈولفن فورس /ورثاء کا لاش رنگ روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا ،دیگر شہروں میں بھی جرائم میں ملوث ،کرائے کی گاڑی لیکر واردات کیلئے آئے تھے‘ایس پی ڈولفن

منگل 29 مئی 2018 20:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ شاد باغ میں ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے ڈولفن فورس کی مبینہ فائرنگ سے 14سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہو گیا ،ورثاء نے لاش رنگ روڈ پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ذمے داروں کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شاد باغ میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معمول کی پٹرولنگ کے دوران ایک گاڑی میں موجود مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی لیکن گاڑی میں سوار افراد نے گاڑی روکنے کی بجائے اور تیز کردی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے اہلکار نے اپنی پستول سے فائرنگ شروع کر دی ۔

فائرنگ کی زد میں آکر سلیم نامی راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ اسی دوران شاد باغ رنگ روڈ انٹر چینج کے قریب کارکے ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی بے قابو ہوکر ٹرالی سے جاٹکرائی جس کے بعد اہلکاروں نے کار سوار مشکوک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈولفن فورس کے مطابق راہگیر نوجوان سلیم ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ دوسری جانب ورثاء نے ڈولفن فورس کے اہلکار کو ذمہ دار ٹھہرایا اور لڑکے کی لاش رنگ روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور روڈ بلاک کردی۔

اب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد فیصلہ ہوگا کہ لڑکے کی موت کس کی گولی لگنے سے ہوئی۔دوسری جانب ایس پی ڈولفن ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،زخمی آصف اور ساتھی دیگر شہروں میں بھی جرائم میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہیں جو گوجرانوالہ سے کرائے کی گاڑی لیکر واردات کے لئے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کے روکنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر جوابی فائرنگ کی گئی ۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔