لاہور ہائیکورٹ نے ہسپتالوں کیلئے مہنگی سرنجوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر کے خلاف درخواست پر 31 مئی کو ٹینڈر نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دے دیا

منگل 29 مئی 2018 20:54

لاہور ہائیکورٹ نے ہسپتالوں کیلئے مہنگی سرنجوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ہسپتالوں کیلئے مہنگی سرنجوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر کے خلاف درخواست پر 31 مئی کو ٹینڈر نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دے دیا اور سیکرٹری صحت سے جواب طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سلور سرجیکل کمپنی کی درخواست پر سماعت کی جس میں ہسپتالوں کیلئے مہنگی سرنجوں کی خریداری کیلئے ٹینڈر کو چیلنج کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل ظفر اقبال کلانوری نے دعویٰ کیا کہ درخواست گزار کمپنی محکمہ صحت ساڑھے چار روپے میں انجکشن سرنج فراہم کرتی ہے لیکن حکومت کی تحلیل سے پہلے صرف کمیشن کیلئے مقامی کمپنی کو ٹینڈر سے باہر رکھا جارہا ہے۔ درخواست گزار کمپنی کے وکیل کے مطابق 31 مئی والے ٹینڈر کے ذریعے غیر ملکی کمپنی سے 12 روپے میں فی سرنج خریدنا چاہتے ہیں وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ ٹینڈر پیمرا رولز کے خلاف جاری کیا گیا ہے اور صرف کمیشن حاصل کرنے کیلئے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ خلاف قانون جاری کیے گئے ٹینڈر کو کالعدم قرار دیا جائے۔