سرفراز کی شاندار کارکردگی،معین خان کی دبے لفظوں میں وقار یونس پر تنقید

ماضی میں کچھ کوچز سرفراز احمد کو نظر انداز کرتے رہے ،آج وہ اپنی غلطی پر نادم ہوں گی: سابق کپتان

منگل 29 مئی 2018 21:20

سرفراز کی شاندار کارکردگی،معین خان کی دبے لفظوں میں وقار یونس پر تنقید
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے وکٹ کیپر معین خان کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد پر بعض لوگ غیر ضروری تنقید کرتے رہے ہیں اور انہوں نے مخالفین اور ناقدین کو جواب ٹیم کی کارکردگی سے دیا ہے۔ایک انٹر ویو کے دوران معین خان کاکہنا تھا کہ سرفراز احمد سر جھکا کر ٹیم کو جتوارہے ہیں لیکن وہ ایک چالاک اور ذہین کپتان ہے جس نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو ایک اور بڑی فتح سے ہمکنار کرایا ہے۔

معین خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سرفراز احمد کی صلاحیتوں کی اس لیے تعریف کی اور اسے سپورٹ کیا کیوںکہ وہ سٹریٹ سمارٹ ہے، لارڈز ٹیسٹ میں بھی اس نے بہت اچھی کپتانی کی، ماضی میں کچھ کوچز سرفراز احمد کو نظر انداز کرتے رہے ہیں اور آج وہ یقینی طور پر اپنی غلطی پر نادم ہوں گے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے میرے ساتھ پی آئی اے میں کرکٹ کھیلی ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ میں میری فرنچائز کوئٹہ کے کپتان بھی ہیں، سرفراز احمد پر بعض لوگ غیر ضروری تنقید کرتے رہے لیکن اس نے اب مخالفین اور ناقدین کو جواب ٹیم کی کارکردگی سے دیا ہے، لارڈز ٹیسٹ کی جیت کا کریڈٹ نوجوان کھلاڑیوں کو جاتا ہے ۔

معین خان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی دنیا کی مشکل ترین کنڈیشن میں اچھی کارکردگی دے رہے ہیں اس لیے نوجوانوں کو کھلانے کا فیصلہ درست ہے، اگر یہ لڑکے ان کنڈیشنز میں اس قسم کی کارکردگی دے سکتے ہیں تو دوسری کنڈیشنز ان کے لئے آسان ہوجائیں گی، اس لئے اب پرانے ناموں کے بجائے جونیئرز کو کھلانے کی پالیسی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں نوجوان ٹیم کو گروم کرکے دانشمندی کی جارہی ہے، ہمارے ملک میں کچھ لوگ ہر بات میں منفی پہلو تلاش کرتے ہیں لیکن اب ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے کر اچھی ٹیسٹ ٹیم تشکیل دینا ہوگی۔۔