شادباغ کے علاقہ انٹرچینج کے قریب ڈولفن فورس کے اہلکاروں اور مبینہ کار سوار ڈاکوئوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک 14 سالہ راہ گیر جاں بحق، ڈاکوئوں کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا

منگل 29 مئی 2018 21:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) شادباغ کے علاقہ انٹرچینج کے قریب ڈولفن فورس کے اہلکاروں اور مبینہ کار سوار ڈاکوئوں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک 14 سالہ راہ گیر جاں بحق جبکہ ڈاکوئوں کا ایک ساتھی شدید زخمی ہو گیا،۔

(جاری ہے)

زخمی ڈاکو کی شناخت آصف کے نام سے بتائی گئی ہے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ڈولفن فورس کے اہلکارں نے شک گزرنے پر وہاں سے گزرنے والی گاڑی کو روکا تو گاڑی میں سوار نوجوانوں نے گاڑی روکنے کی بجائے گاڑی کو بھگانے کی کوشش کی، پولیس اہلکاروں کو تعاقب سے روکنے کے لئے گاڑی سے فائرنگ کی گئی جبکہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں 14 سالہ راہ گیر بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک ڈاکو زخمی ہو گیا، پولیس نے ڈاکو کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے، واردات کے فوری بعد فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 14 سالہ بچے کے لواحقین اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بچہ میت کو لے کر رنگ روڈ پہنچ گئی، جہاں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔