روزہ برائیوں کے خلاف ڈھال ہے جس کے ذریعے انسان گناہوں سے بچ کر نیک و پرہیز گاری سے آراستہ ہو کر دنیا و آخرت میں سرخرو اور سرفراز ہو سکتا ہے، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان

منگل مئی 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے صوبائی رہنما قاری غلام حسین نے کہاہے کہ روزہ برائیوں کے خلاف ڈھال ہے جس کے ذریعے انسان گناہوں سے بچ کر نیک و پرہیز گاری سے آراستہ ہو کر دنیا و آخرت میں سرخرو اور سرفراز ہو سکتا ہے ۔ ماہ صیام کے فضائل کے موضوع پر مختار سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ہزارہ ٹائون یونٹ کے زیر اہتمام ابو طالب ہال حسین آباد میں دینی درس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان کا چاند نظر آتے ہی جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اس ماہ مبارک کی سب سے بڑی فضیلت شبِ قدر میں قرآن مجید کا نزول ہے اور اسے ’’روزے‘‘ سے زینت دے کر اس کی برکتوں کو قدرت نے چار چاند لگا دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ روزے کو صوم کہا گیا ہے جس کے لغوی معنی رکنے کے ہیں یعنی روزہ برائیوں اور بدیوں کیلئے ڈھال یا رکاوٹ بن جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

قاری غلام حسین نے کہا کہ ہر کام کرنے کیلئے کچھ شرائط و آداب ہوتے ہیں اسی طرح روزہ رکھنے کیلئے بھی آداب ہیں جنہیں ملحوظ رکھنا لازمی ہیں، اس مقصد کیلئے ضروری ہے کہ انسان دل میں پختہ ارادہ کرلے کہ وہ ہر چھوٹی اور بڑی برائی سے بچے گا تا کہ رمضان کی برکات سے بہرہ مند ہو سکے۔

انہوں نے باور کرایا کہ روزہ اسلام کے فلسفہ صبر کا بہترین عملی مظاہرہ ہے جو زندگی کے تمام شعبوں میں انسان کو آبرو مندانہ طرزحیات کا سلیقہ سکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا اسلام کے وضع کردہ اوصاف و فضائل کو اپنا کر ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور بد قسمتی سے مسلمان اسلام کے ازلی و ابدی پیغام کو فراموش کرکے مغربی کاسہ لیسی میں مصروف ہیں اور جدت پسندی کے جنون میں مبتلا ہو کر مشاہیر اسلام کی پاکیزہ تعلیمات سے رو گردانی کرنے کے نتیجہ میں ذلت و رسوائی اور شرمساری سے دوچارہیں۔ درس کے آخر میں عالم اسلام کی سربلندی پاکستان کی سلامتی و استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعا کی گئی

متعلقہ عنوان :