چکوال ، جہلم ، میانوالی اورخوشاب میں اڑیال کی آبادی کے سروے کاپہلامرحلہ مکمل

دوسرے مرحلہ کاسروے رواں سال اکتوبر نومبر میں مکمل کرکے رپورٹ شائع کردی جائے گی قابل اور محنتی افسران محکمہ کااثاثہ ، ا ن کی ہرسطح پرحوصلہ افزائی جاری رکھی جائیگی‘ ڈ ی جی خالدعیاض خان

منگل 29 مئی 2018 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) سالٹ رینج میں شامل اضلاع چکوال ، جہلم ، میانوالی اور خوشاب میںاڑیال کی آبادی کے سروے کاپہلا مرحلہ مکمل کرلیاگیاہے ۔ دوسرے مرحلہ کاسروے رواں سال اکتوبر نومبر میں مکمل کرکے رپورٹ شائع کردی جائے گی ۔ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے یہ بات اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو چودھری شفقت علی ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سرگودھا محمد انور مان ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عبدالشکورمنج ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سالٹ رینج رانامحمد شہباز خان ، ڈائریکٹرلاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا اور سالٹ رینج میں اڑیال کے تحفظ کیلئے قائم تمام کمیونٹی بیسڈآرگنائزیشن کے صدور بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی وائلڈلائف نے کہاکہ اکتوبر نومبر میں سروے کے دوسرے مرحلے میں ڈبلیو ڈبلیو ایف ، پنجاب یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز اورگورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے زوالوجی کے ماہرین سے بھی مدد لی جائے گی۔خالدعیاض خان نے دوسرے مرحلے میں شروع کئے جانیوالے سروے کے جدید سائنسی طریقہ کار کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈکوارٹرز محمد نعیم بھٹی اس کمیٹی کے کنوینر ہوںگے جبکہ ڈاکٹر اختر اسکے سیکرٹری ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمدانورمان ، پراجیکٹ ڈائریکٹر میاں حفیظ احمد ، ڈائریکٹرلاہور چڑیاگھر حسن علی سکھیرا،سالٹ رینج کی تمام سی بی اوز کے صدور و نمائندے اس کے ممبرہوںگے۔

اجلاس میں طے پایاکہ دوسرے مرحلے کے سروے سے قبل گرین پاکستان پروگرام کے وائلڈلائف کنزرویشن دی بیسٹ پریکٹسزکے حوالے سے ایک ورکشاپ کا بھی انعقادکیاجائیگا جس میں سروے کے طریقہ کار بار ے تفصیلی بحث کی جائے گی ۔اجلاس میں بتایاگیاکہ وائلڈلائف کے پوٹینشل ایریاز میں درختوں کی کٹائی کے باعث اڑیال اوردیگرجنگلی حیات کی آماہ جگاہیں تباہ ہورہی ہیں اس لیے محکمہ جنگلات کوچراگاہوں کے اجازت نامہ جاری کرنے یادرختوں کی کٹائی سے پہلے محکمہ وائلڈلائف سے مشاورت کرنالازمی قراردیاجائے ۔

قبل ازیں اجلاس میں اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف خالد عیاض خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرزمحمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو چودھری شفقت علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف گوجرانوالہ ریجن عبدالشکورمنج ، ڈائریکٹر لاہورچڑیاگھر حسن علی سکھیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ، پراجیکٹ ڈائریکٹرگرین پاکستان پروگرام میاں حفیظ احمد اورڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سرگودھا ریجن محمدانور مان کو تعریفی اسناددی گئیں ۔ ڈی جی وائلڈلائف خالد عیاض خان نے اس موقع پرافسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاقابل اور محنتی افسران محکمہ کااثاثہ ہیں اورمحکمہ ان کی ہرسطح پرحوصلہ افزائی جاری رکھے گا ۔