پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کا خصوصی ہاٹ لائن رابطہ

ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی صورتحال بہتر بنانے ، امن کو یقینی بنانے اور سرحدی علاقوں کے قریب مقیم شہری آبادی کو مشکلات سے بچانے پر اتفاق سیز فائر سمجھوتے پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائیگا ، کسی مسئلے کی صورت میں ہاٹ لائن رابطوں اور مقامی کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگز کے میکنزم کو بروئے کار لایا جائیگا،دونوں ڈائریکٹر جنرلز کا اتفاق رائے

منگل 29 مئی 2018 22:03

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) پاکستان اور بھارت نے خصوصی ہاٹ لائن رابطہ کر کے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری کی صورتحال بہتر بنانے ، امن کو یقینی بنانے اور سرحدی علاقوں کے قریب مقیم شہری آبادی کو مشکلات سے بچانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر سمجھوتے پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائیگا اور کسی مسئلے کی صورت میں ہاٹ لائن رابطوں اور مقامی کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگز کے میکنزم کو بروئے کار لایا جائیگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کا خصوصی ہاٹ لائن رابطہ ہوا ۔ دونوں ڈی جیز ایم او نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری کی صورتحال کا جائزہ لیا اور باہمی طور پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے ، امن کو یقینی بنانے اور سرحدی علاقوں کے قریب رہائش پذیر شہری آبادی کو مشکلات سے بچانے کیلئے مخلصانہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز نے 2003 ء کے سیز فائر سمجھوتے پر عمل کرنے اور سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق کیا ۔ دونوں ڈی جیز ایم او نے اتفاق کیا کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں تحمل کا مظاہرہ کیا جائیگا اور معاملہ ہاٹ لائن رابطوں اور مقامی کمانڈرز کی سطح پر فلیگ میٹنگز کے موجودہ میکنزم کے ذریعے حل کیا جائیگا ۔