عام انتخابات ،کوتاہی قابل معافی نہیں،چیف سیکریٹری کا افسران کو انتباہ

منگل 29 مئی 2018 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے واضح کیا ہے کہ ڈویژنل و ڈسٹرکٹ مینجمنٹ سمیت صوبائی محکمموں کے افسران پر لازم ہے کہ وہ عام انتخابات 2018کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے خلوص نیت اور جانفشانی کے ساتھ اپنی خدمات کی انجام دہی یقینی بنائیں اس سلسلے میں کوئی کوتاہی یا غفلت کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی وہ منگل کی صبح اپنے دفتر میں کراچی ڈویژن کے تمام 6اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے عام انتخابات 2018کے انتظامات کے سلسلے میں اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری نے زور دے کر کہا کہ ڈی آر اوز (ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسرز)اور ریٹرنگ آفیسرزکو نقل وحمل کے کی معقول سہولتوں سمیت عملے کی فراہمی اور دیگر ضروریات قرارواقعی فراہم کی جائیں ۔کمشنر وڈپٹی کمشنرز اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کریں ۔رضوان میمن نے ہدایت کی کہ پانی کی قلت کے علاقوں میں کے ڈبلیو اینڈ ایس بی کے تعاون سے ٹینکرز کے ذریعے فراہمی آب کی سہولت بھی بہم پہنچائی جائے ،اجلاس میں سیکریٹری جنرل ایڈ منسٹریشن ذوالفقار علی شاہ ڈپٹی کمشنرز آصف جان صدیقی (وسطی)ایم آصف جمیل(جنوبی)افضل زیدی(مشرقی)راجہ طارق چانڈیو(غربی)شہزاد عباسی (ملیر)اور عبدالواجد شیخ(کورنگی)نے بھی شرکت کی۔