ضلع ناظم کا ڈپٹی کمشنر پشاور کے ہمراہ رمضان سہولت مرکز کا دورہ

منگل 29 مئی 2018 22:12

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لیے بارہ مختلف مصروف بازاروں میں رمضان سہولت مراکز قائم کیے ہیں۔ ان مراکز میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ خوراک ، مال اور پولیس کا عملہ موجود ہوتا ہے ۔ اور عوام شکایات پر بازاروں میں گرانفروشوں کے خلاف موقع پر کاروائی عمل میں لائی جا تی ہے۔

گزشتہ روز ضلع ناظم محمد عاصم خان نے ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے ہمراہ رمضان سہولت مرکز سپین جماعت کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹائون تھری عنایت اللہ خان ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز فضل الرحیم، اصلاح الدین اور عرفان علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے ضلع ناظم کو رمضان سہولت مراکز میں عوامی شکایت اور اس پر موقع پر کاروائی کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔

انھوں نے کہا کہ رمضان میں ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن 1052 پر بھی روزانہ کی بنیاد پر شکایات درج ہو رہی ہیں جو کہ متعلقہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری کاروائی کے لیے بھجوا دی جاتی ہے۔اس موقع پر تاجران کی جانب سے ضلعی انتظامیہ اور عوام کے لیے افطاری کا بندوبست کیا گیا تھاجس میں تین سو سے زیادہ افراد نے افطاری کی۔ ضلع ناظم اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے بھی سپین جماعت کے سامنے سڑک کے اوپر رمضان سہولت مرکز میں عوام کے ساتھ افطاری کی۔ عوام نے ضلع ناظم ، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کو اپنے ہمراہ دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔