حکومت کاٹیج انڈسٹری کی ترقی کے لئے کم شرح سود پر قرضے فراہم کرے، محمد یاسین

منگل 29 مئی 2018 22:16

لاہور۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) کاٹیج انڈسٹری نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کاٹیج انڈسٹری کی ترقی کے لئے کاٹیج اینڈ سمال انڈسٹری کو کم شرح سود پر قرضے فراہم کرے۔سی پیک کی افادیت کو دوگناکرنے کے لیے ہر 300 کلو میٹر کے بعدایک کاٹیج انڈسٹری پارک کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے کاٹیج انڈسٹری کے چیئرمین محمد یاسین نے --’’کاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل‘‘ کے حوالے سے ریجنل آفس لاہور میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ غیر تربیت یافتہ سٹاف کی کمی اورناقص کوالٹی جیسے مسائل کا سامنا ہے اس کے علاوہ کاٹیج انڈسٹری کو اپنی مصنوعات کی امپورٹ اور بجلی کی بندش جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجاویز دیتے ہوئے کہاکہ کاٹیج انڈسٹری کے مالکان کو چا ہیے کہ وہ پرانے پروڈکشن یونٹوں کو نئی جدت کے مطابق تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھکاٹیج انڈسٹری میں کام کرنے والوں کو مکمل تربیت فراہم کی جائے، کوالٹی کو مزید بہتر بنا کر مانگ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو امپورٹ کرنے میں ان کو مد د فراہم کی جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ حاصل کر سکیں ،اس کے علاوہ کاٹیج انڈسٹری کو بجلی کی بلا تعطیل فراہمی کی جائے۔ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے ٹورازم کے چیئرمین راجہ حسن اختر نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اکنامک کاریڈور کی افادیت کو دوگناکرنے کے لیے ہر 300 کلو میٹر کے بعدایک کاٹیج انڈسٹری پارک کو یقینی بنایا جائے تاکہ چھوٹے چھوٹے علاقے کی علاقائی صنعت وحرفت کو ترقی دی جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے بے شمار ترقی یافتہ ممالک جاپان اور چین کے کاٹیج انڈسڑی کی بنیاد پر ہی ترقی کی منازل طے کیں۔ اجلاس میں آغا عدنان خان،سردار وسیم،عاصم بٹ،مدیحہ وقاص،اسلم مغل،سیدمنہد،صدام اطہر خان ،محمد شاہد اور دیگر نے بھی اپنی اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔