شانگلہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے ،ڈی پی اوعبدالبصور

منگل 29 مئی 2018 19:00

شانگلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) شانگلہ پولیس کے سربراہ راجہ عبدالصبور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شانگلہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے ،شانگلہ کے عوام انتہائی امن پسند اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،شانگلہ پولیس ان کے تعاون کے بغیر ادھوری ہے،شانگلہ میں جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری پولیس کاروائیوں کے دوران 2مجرمان اشتہاریوں سمیت 673 مشتبہ آوار ہ گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ضلع بھر میں سرچ اپریشن کی کاروائی کے نتیجے میں زیر حراست افراد کے قبضے سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ و منشیات بھی برامد کر لی گئی ہیں- وہ اپنے دفتر میں ایس پی انویسٹی گیشن خالد خان،سرکل پولیس آفیسر امجد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سر براہ راجہ عبد ا لصبور خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی بھر پور عملداری کے تحت ضلع ہذا میں انسداد جرائیم اور قیام امن کے حوالے سے جاری سرچ اینڈ سٹرائک آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے اور پولیس کو حساس صورت حال سے نمٹنے کیلئے اہم ٹاسک حوالہ کرکے مشتبہ دہشت گردوں ، مطلوب اشتہاریوں اور مجرمانہ سر گرمیوں میں ملوث عناصر کو نہایت ہی سختی سے کچلنے کا حکم دیا گیا ہے ۔

جرائم کے انسداد اور قیام امن کے حوالے سے ضلع بھر میں جاری سرچ اینڈ سٹرائک اپریشن کے تسلسل میں پولیس نے ضلع شانگلہ کے حساس مقامات اور مضافات کے مختلف علاقوں میں اپریشن کا انعقاد کرتے ہوئے بھر پور کاروائی کے نتیجے میں سنگین وارداتوں جیسے قتل، اقدام قتل میں مطلوب 03 مجرمان اشتہاریوں سمیت 673 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ کاروائی میں زیر حراست زیادہ تر غیر مقامی افراد کو مختلف علاقوں میں بغیر معقول وجہ رہائیش اختیار کرنے پر قانون کی رو سے حراست میں لیکر متعلقہ تھانوں میں پابند ضمانت کر دیا گیا ہے۔

جبکہ دیگر پولیس کاروائی میں اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں زیر حراست بعض افراد کے خلاف مقدمات درج رجسٹر کر لئے گئے ہیں ۔ سرچ اینڈ سٹرائک اپریشن کے نتیجے میں گرفتار افراد کے قبضے سے پولیس کو ملنے والے اسلحہ و منشیات میں 3 عدد کلاشنکوف ، 3 عدد رائفل، 40 عدد بندوق،39 عدد پستول جبکہ 1120 عدد کارتوس مختلف بور اور 5.359 کلو گرام چرس، 8 گرام افیون، 10.500 لیٹر شراب بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائی کرتے ہوئے ہوٹلوں کے خلاف07 مقدمات، جیولرز شاپ کے خلاف 5مقدمات ، سکولز کے خلاف 2 مقدمات ، کرایہ داران کے خلاف 11 مقدمات جبکہ لاوڈ سپیکر کے غلط استعمال پر 20مقدمات درج رجسٹر کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 664افراد کو پابند ضمانت بھی کئے گئے ہیں ۔