یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے غریبوں میں رمضان بچت پیکج کے گفٹ پیک تقسیم کئے گئے

تما م سٹوروں پر وافر مقدار میںمعیاری اشیاء خوردونوش کا سٹاک دستیاب ہے ، ترجمان واجد سواتی

منگل 29 مئی 2018 19:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے غریبوں اور مسکینوں میں مفت رمضان کے گفٹ پیکٹ تقسیم کیے گئے ۔ وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار سردار محمد ارشد لغاری اور ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سید حبیب ا لرحمن گیلانی نے اسلام آباد میں واقع ایک یوٹیلیٹی سٹور میں غریب اور ضرورت مندوں میں رمضان بچت پیکج کے خصوصی گفٹ پیکٹ تقسیم کئے۔

اس تقریب کا مقصد مخیر حضرات کیلئے غریبوں میں تقسیم کرنے کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کی طرف سے بنائے گئے خصوصی گفٹ پیک متعارف کروانے تھے جس سے جہاں یوٹیلیٹی سٹوزر کا فائدہ ہوگا اور انکی سیل میں اضافے کا باعث بنے گا وہاں غریب اور ضرورت مند لوگ بھی اس سے مستفید ہونگے۔ ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز سید حبیب الرحمن گیلانی نے اس کی تفصیل بیان کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ یوٹیلیٹی سٹورز کے اس کا ر خیر میں حصہ ڈال کر غریب عوام کی مدد کریں اور اللہ کی خوشنودی حاصل کریں۔

(جاری ہے)

ایم ڈی نے گفٹ پیکٹ کی مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دو طرح کے تیار پیکٹ تمام یوٹیلیٹی سٹورز میں دستیاب ہونگے جسمیں ایک پیکٹ کی قیمت 2000روپے جبکہ دوسرا پیکٹ 5000روپے میں دستیاب ہوگا ۔ ان پیکٹوں میں چاول ،چینی، گھی/آئل،دال چنا، سفید چنے،بیسن،کجھور، نمک ، گرم مصالحہ، چائے، سرخ مرچ، مشروبات اور دودھ شامل ہے جبکہ باہمی تعاون کی وجہ سے پیکٹ میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔

بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کارپوریشن کے ترجمان واجد سواتی نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا سا مان مہیا کر دیا گیا ہے۔ اور کسی بھی چیز کی کوئی قلت نہیں ۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر موجود تمام اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مارکیٹ کے مقابلے میں نمایاں کمی ہونے کی وجہ سے اچھی سیل ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء جلد ختم ہو جاتی ہیں لیکن بہتر سپلائی کی وجہ اس پر قابو پا لیا جاتا ہے۔اس حوالے سے انتظامیہ بھر پور کوششیں کر رہی ہے تا کہ تما م سٹوروں پر وافر مقدار میںمعیاری اشیاء خوردونوش کا سٹاک دستیاب ہو اور عوام کی سہولت میں اضا فہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :