اسلام آباد چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی جانب سے ترک سفیر کے اعزاز میں افطار ڈنر

ترکی میں 27 جون کو بزنس کانفرنس منعقد ہوگی،کانفرنس کا مقصد پاکستان اور ترکی کے نجی شعبوں کو براہ راست ملاقات کے مواقع فراہم کرنا ہے ،شیخ عامر وحید

منگل مئی 19:10

اسلام آباد ۔ 29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے اپنی رہائش گاہ پر ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں ترکی کے سفیر احسن مصطفی یرداکل نے بھی شرکت کی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک، شکیل منیر، شیخ عبدالوحید اور دیگر بھی افطار ڈنر میں موجود تھے۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے ترکی کے سفیر احسن مصطفی یرداکل کو بتایا کہ چیمبر 27 اور 28 جون 2018ء کو ترکی کے شہر استنبول میں ایک برنس کانفرنس منعقد کرے گا ، چیمبر کا تقریباً 400 بزنس مینوں پر مشتمل تجارتی وفد اس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے بزنس مینوں کو بھی بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ترکی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد پاکستان اور ترکی کے نجی شعبوں کو براہ راست ملاقات کے مواقع فراہم کرنا ہے تا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت کو بہتر فروغ ملے گا۔ شیخ عامر وحید نے کہا کہ 28 جون کو چیمبر استنبول میں ایک ایوارڈ تقریب بھی منعقد کرے گا جس میں پاکستان کے برآمدات و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بزنس مینوں وکمپنیوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔

ایوارڈ تقریب میں استبول کی اعلیٰ شخصیات اور تاجر برادری کو مدعو کیا گیا ہے تا کہ وہ پاکستان کے نجی شعبہ کی عمدہ کارکردگی کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر کے ان کے ساتھ کاروباری شراکتوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کا سفارتخانہ بزنس کانفرنس اور ایوارڈ تقریب کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر قائم کیا جائے کیونکہ دونوں متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کا سب سے بہتر طریقہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے اور چیمبر کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس کا انعقاد ان مقاصد کے حصول کی طرف ایک مثبت پیشرفت ثابت ہو گا۔ ترکی کے سفیر احسن مصطفی یرداکل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے ترکی میں بزنس کانفرنس منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو براہ راست ملاقات کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ کاروبارکو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ ترکی کا سفارتخانہ بزنس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کرے گا تا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔