مبارک مہینے میں ٹارگٹ کلنگ وبدامنی لمحہ فکریہ اور اللہ کے قہر وغضب کو دعوت دینا ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

منگل 29 مئی 2018 22:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ نیک بھلائی ،جنت کی تلاش ،دوزخ سے نجات کے مبارک مہینے میں ٹارگٹ کلنگ وبدامنی لمحہ فکریہ اور اللہ کے قہر وغضب کو دعوت دینا ہے ۔عوام الناس الیکشن میں صالح دین دار نیک نام لوگوں کا ساتھ دیں بدقسمتی سے صاف شفاف انتخابات نہ ہونے ،انتخابات میں مداخلت ،انتخابات کو رقم ودیگر غیر قانونی راستے سے جیتنے کی وجہ سے عوام کو دیانت دار صالح ایماندار قیادت نہ مل سکی قوم کو با بار دھوکہ دینے والوں کو عوام پہچان لیں ۔

شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہے بدعنوانی ،بدامنی سمیت صالح قیادت منتخب نہ ہونے کی وجہ سے عوام کے مسائل بڑھ گیے ہیں ۔ہماری سیاست کا مقصد نفاذ اسلام اور عوامی مسائل کا فی الفور حل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہملک میں آئین و دستور کی بالا دستی کی راہ میں کرپٹ مافیا سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ خیراور شر کے معرکے میں غیر جانبداری اور ظلم و جبرکے خلاف نہ اٹھنا ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے ۔

ملک میں غٖلط نظام کی وجہ سے ظالم اور مظلوم کا مقابلہ ہے ،ظالم ٹولے نے تمام بڑی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ظالم متحد اور مظلوم منتشر ہیں ہم ایسی حکومت چاہتے ہیں جس میں قومی خزانے کو امانت سمجھا جائے اور اسے چند خاندانوں کی بجائے قوم پر خرچ کیا جائے خاندانی بادشاہت کو روکنا اور عوام کی حکمرانی قائم کرناضروری ہے ہم ملک سے خاندانی بادشاہتوں کا خاتمہ کرکے شریعت کے تابع جمہوریت کا نظام قائم کرناچاہتے ہیں تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات مہیا کی جاسکیں ۔

عوام غربت اور مہنگائی میں پس رہے ہیں ،عام آدمی کیلئے اپنے بچوں کو تعلیم دلانا اور بیمار کا علاج کرانا ممکن نہیں رہا ۔حکومتی پالیسیوں سے لگتا ہے کہ تعلیم اور صحت ان کی کسی ترجیح میں شامل نہیں ۔ان کا ایک ہی مشن ہے کہ قوم کو ان پڑھ اور بیمار رکھا جائے تاکہ کوئی ان کے ظلم و جبر کے خلاف اٹھ نہ سکے ۔ جب تک ان کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں سے نجات نہیں ملتی ملک و قوم مسائل کی دلدل میں دھنستے رہیں گے ۔

ملک میں خاندانی بادشاہتوں کی بجائے آئین کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے عوام کو ایک نئے عزم سے اٹھنا ہوگااورانتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ استعمال کرکے صالح دین دار دیانت دار قیادت کاانتخاب کرنا ہوگاجماعت اسلامی عام آدمی کیلئے امید کی شمع ہے اور ان شاء اللہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے کیلئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ قو می دولت کو لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ملک میں کرپشن کی انتہاء ہوچکی ہے۔لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی رشوت دینی پڑتی ہے۔رشوت خوری اور کرپشن نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔22کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔