آل کراچی رضوان بھائی میموریل امن کپ فلڈ لائٹ یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ : مزیدمیچز کے فیصلے

منگل مئی 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) ملیر اسٹار فٹبال کلب، غازی بروہی ویلفیئر سینٹر(رجسٹرڈ)، ڈسٹرکٹ ملیر سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام، ایورگرین سیکنڈری اسکول، جیونی فوڈز، سراقبال فائونڈیشن، رضوان یونائیٹڈ فوڈز کے تعاون سے مونا گرائونڈ غازی بروہی گوٹھ ملیر پر منعقدہ پہلے آل کراچی رضوان بھائی میموریل امن کپ فلڈ لائٹ یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ 2018میں مزیدمیچز کے فیصلے ہوگئے۔

لیگ مقابلوںکے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچوں میں پاکستان انڈر 14کلر ہولڈر اشرف میموریل نے کریم اسٹار پر گولوں کی بارش کرتے ہوئے ایک گول کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی شعیب اسٹار نے اسٹرائیکر ارشد بلوچ کے دو گولوں کی بدولت جنگی اسٹار شعبان گوٹھ کو ہرادیا جبکہ جنگی اسٹار کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کے سلسلے کے ایک اور میچ میں جانی اسپورٹس نے جھولے لال کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا جان اسپورٹس کے سینٹر ہاف اسعد بلوچ نے دونوں گول اسکور کیئے شہرت یافتہ ملیر محمڈن فٹبال کلب نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی حریف ناگمان اسپورٹس کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ارشد بلوچ نے تین گول کرکے ٹورنامنٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک بنائی جبکہ لیگ رائونڈ کے ایک اور میچ میں آزاد بلوچ کلب نے اپنی پچھلی شکست کے بعد کم بیک کرتے ہوئے ڈیسنٹ یونائیٹڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اپنے قدم جمالیئے آزاد بلوچ کی جانب سے یاسر اور حمید نے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا ۔

ٹورنامنٹ کے سلسلے کا شاندار میچ عمر اسٹار اور دائود اسٹار کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس کا اختتام 4-0صفر پر ہوا اور عمر اسٹار نے دائود اسٹار کو واضح فرق سے ہرادیا دوسرے میچ میں بلوچ فائٹراور شہید حماد اسٹار مد مقابل آئیں جس میں کامیابی بلوچ فائٹر کا مقدر بنی اور یکطرفہ مقابلے کے بعد شہید حماد اسٹار نے نو صفر سے کامیابی حاصل کی۔

بھٹو الیون اور ڈاکٹر عبدالواحد میموریل کا میچ بھٹو الیون نے دو گول سے ڈاکٹر عبدالواحد میموریل کو شکست دے کر اپنے نام کیا، جان اسپورٹس آسو گوٹھ نے یاسین اسٹار ڈالمیا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، غازی اسٹار نے جنگی اسٹار کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا اور شائقین فٹبال سے خوب داد سمیٹی۔ دوران میچز وقفہ کے دوران ٹیموں کا مہمانان خاص رضوان اسپورٹس اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے سربراہ حاجی آصف صادق بروہی، محمد ابراہیم آسکانی، عدنان رسول بخش بروہی، سماجی رہنما خالد محمود، لالا کریم بروہی،ڈی ایف اے ملیر کے سیکریٹری جنرل شاہد تاج بلوچ، مراد جان بلوچ، چیئرمین یوسی:12ڈی ایم سی ملیر محمد اختر بلوچ، ماسٹر عبدالحلیم بروہی سے تعارف کرایا گیا، میچز میں ریفری کے فرائض سید آصف حسنین بخاری نے انجام دیئے، میچ کمشنر یونس بروہی اور میڈیا کوآرڈینیٹر فقیر محمد گلزار جونیئر تھے۔