اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر

منگل مئی 22:41

لاہور۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2018ء) رمضان کے مقدس مہینے میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔

(جاری ہے)

یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے کے باوجود روزمرہ استعمال کی اشیاء چاول ، گھی ، چینی ، آٹا ، بیسن،کھجور،پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔

آئین کے تحت شہریوں کو ضروریات زندگی کی فراہمی حکومت کا فرض ہے،رمضان میں اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت رمضان میں ذخیرہ اندوزوں اور مہنگی چیزیں فروخت کرنے والے دوکانداروں اور بڑے تاجروں کے خلاف کاروائی کاحکم دے۔