جعلی بوتلوں و جوسز کیلئے کیمیکل اور فلیور مہیا کرنیوالی 2فیکٹریاں پکڑی گئیں

جعل ساز جتنے بھی ہوشیار ہو جائیں، فوڈ اتھارٹی سے بچنا ناممکن ہے،نورالامین مینگل

منگل 29 مئی 2018 22:49

لاہور۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعل سازی کا ایک اور طریقہ بے نقاب کر دیا ،جعلی بوتلوں اور جوسز کیلئے کیمیکل اور مصنوئی فلیور مہیا کرنے والی 2فیکٹریاں پکڑی گئیں، جبکہ کیمیکل سے تیار کردہ 2500کلو فروٹ بیس اور تمام سامان موقع پر تلف کر دیا گیا، ڈی جی فوڈاتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے سبزہ زار کے رہائشی علاقے میں موجود کیو بی سی فروٹ بیس اور اشرف فروٹ بیس فیکٹریوں کو غیر معیاری فروٹ بیس تیار کرنے پر سیل کر دیا ، دونوں فیکٹریاں فروٹ استعمال کیے بغیر کیمیکلز سے فروٹ فلیور بناتی تھیں،کیمیکل والے فروٹ فلیور سے جعلی بوتلیں اور جوس تیار کیے جاتے تھے،تازہ پھلوں سے فروٹ بیس بنانے کی نسبت زہریلے کیمیکل سے بنی فروٹ بیس صحت کیلئے انتہائی خطرناک ہوتی ہے جو ڈپریشن، اعصابی نظام کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ معدے اور آنتوں کی مختلف موذی امراض کا سبب بنتی ہے، دونوں فیکڑیوں سے کیمیکل سے تیار کردہ 2500کلو فروٹ بیس ،مضر صحت کیمیکل اورتمام سامان ضبط کر لیا گیا،ڈی جی فوڈ نے بتایا کہ آپریشن ٹیموں نے گزشہ ایک ہفتے میں 10سے زائد جعلی جوس اور کولڈ ڈرنکس فیکٹریاں پکڑی ہیں، تمام فیکٹریاں ایک ہی فارمولا استعمال کرتی پائیں گئیں جس پر ویجیلنس سیل متحرک ہوااور سبزاہ زار کے رہائشی علاقے میںکیمیکل سے زہریلا فروٹ بیس بنانے والی فیکٹریوں کا سراغ لگایا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ کولا ڈرنکس اور جوسز میں جعل سازی کی اصل جڑ کیمکل ملی فروٹ بیس ہے، انہوں نے کہا کہ جعل ساز جتنے بھی ہوشیار ہو جائیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی سے بچنا ناممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :