Live Updates

تحریک انصاف کا پہلے 100 دنوں کا پروگرام قابل عمل ہی نہیں، یہ ملکی عوام کو بیوقوف بنانے کی ایک نئی کوشش ہے،وزیر مملکت رانا محمد افضل

منگل 29 مئی 2018 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا پہلے 100 دنوں کا پروگرام قابل عمل ہی نہیں اور یہ عمران خان کی جانب سے ملکی عوام کو بیوقوف بنانے کی ایک نئی کوشش ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت گزشتہ 5 سالوں سے مسلسل لوگوں کے ساتھ جھوٹ بول رہی ہے اور وہ صرف دوسروں پر الزامات لگانے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں مکمل حکومت سے لطف اندوز ہونے کے باوجود وہاں عوامی فلاح و بہبود کا کوئی ایک بھی بڑا منصوبہ متعارف نہیں کرا سکی جس کی وجہ سے لوگ پی ٹی آئی کی سیاست سے بری طرح مایوس ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دعوٰی کیا تھا کہ وہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے گی لیکن وہ اس ضمن میں بھی بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ڈی پی) کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں سے بہت زیادہ پیچھے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت جماعت اسلامی نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ خیبرپختونخوا کی ترقی و خوشحالی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا جبکہ دعوٰی تو وہ ملک میں بڑی تبدیلی کا کرتے ہیں۔ رانا محمد افضل کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ان نقاط پر پہلے ہی سے عملدرآمد کر رہی ہے جن کا ذکر عمران خان آج کر رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات