وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر کی وزارت امور کشمیر، کشمیر کونسل سیکرٹریٹ، گلگت بلتستان کونسل اور کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کے افسران سے الوداعی ملاقات

منگل 29 مئی 2018 22:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے منگل کو یہاں وزارت امور کشمیر، کشمیر کونسل سیکرٹریٹ، گلگت بلتستان کونسل اور کشمیر سٹیٹ پراپرٹی کے افسران سے الوداعی ملاقات کی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری امورکشمیر، جوائنٹ سیکرٹری کشمیر کونسل، جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل، جوائنٹ سیکرٹری وزارت امورکشمیر و گلگت بلتستان کے علاوہ وزارت اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر متعلقہ افسران کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق گڈ گورننس قائم کرنے اور اخراجات میں کمی کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں مختلف اہداف کے حصول کیلئے وزارت کے افسران نے ان تھک محنت کی جس کو وہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 5 سال پورے ہونے پر حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے، ملک سے دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اور معاشی بدحالی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصہ میں انہوں نے اپنی قیادت کے اُس اعتماد پر بھی اترنے کی بھرپور کوشش کی جس اعتماد کے تحت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گزشتہ 5 سالوں میں انہیں دو مرتبہ اس وزارت کا قلمدان سونپا ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری امور کشمیر اور دیگراعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو ذمہ داری ان کو سونپی گئی۔ انہوں نے وہ ذمہ داری وفاقی وزیر کی سربراہی اور رہنمائی میں ایک ٹیم کی طرح سرانجام دینے کی کوشش کی جس کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی میں نمایاں بہتر آئی ہے جس کا سار ا کریڈٹ وفاقی وزیر کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس پراعتماد طریقہ سے بغیر کسی دبائو کے ان کو وفاقی وزیر کے زیر سایہ کام کرنے کا موقع ملا اس سے افسران کو اپنی کارکردگی اور بھی بہتر انداز میں سر انجام دینے کا موقع ملا۔ اجلاس کے اختتام میں وفاقی وزیر کو وزارت کے افسران کی جانب سے شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :