مسلمہ اخلاقی اقدار کی پاسداری، آئین اور جمہوریت کا احترام اور نئی نسل کی کردار سازی جیسی صفات کسی قوم کی بنیاد کی حیثیت رکھتی ہیں،

انہیں نظام تعلیم کا حصہ بنا کر ریاست کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے، وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی خدمات قابل تعریف ہیں صدر مملکت ممنون حسین کی وفاقی وزارت تعلیم کی طرف سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کیلئے نئے نصاب کی تشکیل کے بعد بریفنگ کے موقع پر گفتگو

منگل 29 مئی 2018 22:54

مسلمہ اخلاقی اقدار کی پاسداری، آئین اور جمہوریت کا احترام اور نئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسلمہ اخلاقی اقدار کی پاسداری، آئین اور جمہوریت کا احترام اور نئی نسل کی کردار سازی جیسی صفات کسی قوم کی بنیاد کی حیثیت رکھتی ہیں جنہیں نظام تعلیم کا حصہ بنا کر ریاست کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے اس سلسلہ میں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے یہ بات منگل کو وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی طرف سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کیلئے نئے نصاب کی تشکیل کے بعد بریفنگ کے موقع پر کہی۔ انہیں یہ بریفنگ وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن نے دی۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے نئے نصاب کی تشکیل میں کامیابی پر وفاقی وزیر اور ان کے رفقائے کار کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ اس کے بہت دور رس اثرات ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور تربیت کے سلسلہ میں اس نصاب کے ذریعے ایک بہتر بنیاد قائم کر دی گئی ہے جو مستقبل میں مزید بہتری کا ذریعہ بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی کیلئے ضروری ہے کہ قومی مقاصد، اچھی اقدار ذہن نشین کرانے کیلئے بہترین نصاب تیار کرنے کے ساتھ ساتھ عملی زندگی کے تقاضوں پر پورا اترنے کے طریقے بھی سکھائے جائیں جبکہ مستقبل میں ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے انہیں مختلف پیشوں کے بارے میں تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں۔

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی وزارت تمام صوبوں کے تعاون سے پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک نصاب کی ایک سمت طے کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ اس سلسلہ میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کا نصاب تیار کر لیا گیا ہے جبکہ پانچویں جماعت تک کی کتابیں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نصاب میں پاکستان کے قومی مقاصد کے علاوہ امن، عزت اور برداشت کو بنیاد ی اہمیت دی گئی ہے۔